کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل کیلئے لاہور روانہ

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2017
سرفراز کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا نیک شگون ہے—فوٹو:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹویٹر
سرفراز کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا نیک شگون ہے—فوٹو:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئے۔

لاہور روانہ ہونے والوں میں کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، حسان خان، نور ولی اور میر حمزہ شامل ہیں۔

کوچ معین خان اور منیجر بھی ٹیم کے ہمرا لاہور روانہ ہوگئے۔

کراچی ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے فائنل کے حوالے سے کہا کہ 'پوری تیاری ہے کوشش کریں گے کہ اس بار جیتیں سب سے اہم چیز یہ ہے کہ گراؤنڈ میں اچھی کرکٹ کھیلیں'۔

سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ 'ہم نے پورے سیزن میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے کوشش کریں گے کہ فائنل میں بھی اچھی کرکٹ کھیلیں'۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ 'ویوین رچرڈز اور جولیان فاؤنٹین فائنل کے لیے آرہے ہیں، فاؤنٹین پہلے بھی پاکستانی ٹیم کے ساتھ رہ چکے ہیں تو وہ بالکل آرہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'رچرڈزکی موجودگی سے کھلاڑیوں کو حوصلہ ملتا ہے جس سے پوری ٹیم کا فائدہ ہو گا'۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل فائنل،15 غیرملکی کھلاڑیوں کی حتمی فہرست

سرفراز نے کہا کہ 'ہمارے جو کھلاڑی نہیں آرہے ہیں ان کے متبادل کے طور پر کھلاڑیوں کو چن لیا ہے جو آج یا کل شام تک پہنچ جائیں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ایک اچھی ٹیم کو میدان میں اتاریں'۔

پشاورزلمی اور کراچی کنگز کے درمیان تیسرے پلے آف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں اچھی ہیں جو ٹیم اچھا کھیلی گی وہی جیتے گی اور ہم ان کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل: غیر ملکی کھلاڑیوں کے لاہور آنے کی تصدیق

لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'یہ نیک شگون ہے اور سب سے اچھی چیز یہ ہے کہ پاکستان میں کرکٹ دوبارہ ہورہی ہے اور عوام پرجوش ہیں اور ہمارے ملک کی یہی اچھی چیز ہے کہ جب بھی کرکٹ ہوتی ہے تو حمایت کرنے آتے ہیں اورلوگوں سے میری اپیل ہے کہ آئیں اور پی ایس ایل سے تعاون کریں'۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان نے اس موقع پر کہا کہ 'کوچ کی حیثیت سے فائنل میں پہنچنا بڑی کامیابی ہےایک ایسی ٹیم جس کو گزشتہ سال کمزور کہا گیا تھا جو دونوں سال فائنل میں پہنچی ہے'۔

انھوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'اس سال جیت پائیں گے کیونکہ ٹیم اچھی ہے تاہم چند کھلاڑیوں کے نہ آنے سے ٹیم کا کمبی نیشن خراب ہوا ہے'۔

معین خان نے کہا کہ 'پوری قوم متحد ہے اور سب چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل یہاں ہو لیکن ہمارے اپنے کچھ کھلاڑیوں کے افسوس ناک بیانات آرہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: پیٹرسن کے لاہور آنے سے انکار کی وجہ ’عمران خان‘

انھوں نے کہا کہ 'یہ وقت اتحاد کا ہے تمام ملک کو اور کرکٹرز کو متحد ہونا چاہیے گوکہ ہمارے اپنے کرکٹرز نے مخالفت کی ہے جو میری نظر میں غلط ہے اور اس وقت کوئی سیاسی یا ذاتی ایجنڈا نہیں ہونا چاہیے'۔

فائنل کے لیے منتخب غیرمعروف بیرونی کھلاڑیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'میچ کھیلنا اہم اس لیے غیرمعروف ہونا ثانوی چیز ہوتی ہیے کیونکہ وہ بھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے ان کے لیے بھی اچھی کارکردگی دکھانے کا بہترین موقع ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں