عمران خان کو 'غدار' کہنے پر پی ٹی آئی اور لیگی ارکان میں جھگڑا

09 مارچ 2017
جاوید لطیف اور مراد سعید قومی اسمبلی کے باہر لڑ پڑے—فوٹو: ڈان نیوز
جاوید لطیف اور مراد سعید قومی اسمبلی کے باہر لڑ پڑے—فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وفاقی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو 'غدار' کہنے پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی میاں جاوید لطیف نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کھیلنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو 'پھٹیچر' کہنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں 'غدار' قرار دیا۔

میاں جاوید لطیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایس ایل کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان میں آرہی ہے، مگر عمران خان کرکٹرز کو تنقید کا نشانہ بنا کر ملک سے غداری کا ثبوت دے رہے ہیں۔

انھوں نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ’وہ اپنے پارٹی چیئرمین کو تمیز سکھائیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کے غیر ملکی کھلاڑی 'پھٹیچر' تھے: عمران خان

میاں جاوید لطیف کے خطاب کے دوران ہی تحریک انصاف کے ارکان نے احتجاج شروع کردیا، جس پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے پی ٹی آئی ارکان کو کہا کہ وہ خاموش ہوجائیں، انہیں بھی موقع دیا جائے گا۔

ڈپٹی اسپیکر کی یقین دہانی کے بعد تحریک انصاف کے ارکان خاموش ہوگئے، تاہم جاوید لطیف کے خطاب کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا۔

اجلاس میں خطاب کا موقع نہ ملنے اور پارٹی چیئرمین کے خلاف 'نازیبا گفتگو' ہونے پر تحریک انصاف کے ارکان احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی سے باہر آئے، جہاں میاں جاوید لطیف اور پی ٹی آئی رکن مراد سعید کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور دونوں ایک دوسرے سے دست و گریباں ہوگئے، جس پر دیگر ارکان نے بیچ بچاؤ کروایا۔

بعد ازاں جاوید لطیف نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مراد سعید لڑنے کے لیے اپنے ساتھ اجنبی افراد ساتھ لے کر آئے تھے۔

خیال رہے کہ 5 مارچ کو لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے بعد سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ایک وڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ پی ایس ایل کے پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو 'پھٹیچر' کہتے نظر آئے۔

عمران خان کا وڈیو میں کہنا تھا، 'دو تین کھلاڑیوں نے نہیں آنا تھا، باقی جو 'پھٹیچر' کھلاڑی ہیں، انھوں نے تو ویسے بھی آ جانا تھا، میں تو کسی کے نام بھی نہیں جانتا، جو غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے'۔

مزید پڑھیں: 'پھٹیچر' کرکٹ کی عام اصطلاح ہے، پی ٹی آئی رہنما

عمران خان کے اس بیان پر انہیں گذشتہ چند روز میں ناصرف سیاسی حلقوں، بلکہ عوام کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ وزیر پنجاب رانا ثناء اللہ نے عمران خان سے اپنے بیان پر قوم سے مافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا نوٹس

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جاوید لطیف اور مراد سعید کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب اسپیکر نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی طلب کرلی۔

تبصرے (0) بند ہیں