کوہلی پر آسٹریلین آفیشل کو ’بوتل مارنے‘ کا الزام

10 مارچ 2017
آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ سے تنازعات کا سلسلہ شروع ہوا— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ سے تنازعات کا سلسلہ شروع ہوا— فوٹو: اے ایف پی

ایک ایسے موقع پر جب ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں پیدا ہونے والے تنازعات کی باز گشت کم ہوتی نظر آ رہی تھی کہ آسٹریلین اخبار نے ویرات کوہلی پر الزام عائد کر کے ایک نیا تنازع کھڑا کردیا۔

آسٹریلین اخبار ڈیلی ٹیلی گراف نے ہندوستان کے کپتان ویرات کوہلی اور کوچ انیل کمبلے پر بنگلورو ٹیسٹ میں خراب رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اخبار نے دعویٰ کیا کہ غصے میں بھرے ہوئے ویرات کوہلی نے میچ کے دوران آسٹریلین ٹیم کے آفیشل کی جانب انرجی ڈرنگ کی بوتل کھینچ کر ماری اور اس دوران ان کے بالکل پیچھے موجود کوچ انیل کمبلے لٹھ پتلی بنے بیٹھے رہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے پر جملے کسنے سے تنازعات کا آغاز ہوا لیکن یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب دوسری اننگز میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے پر اسٹیون اسمتھ نے ریویو لینے سے قبل آسٹریلین ڈریسنگ روم کی جانب دیکھا جہاں انہیں مبینہ طور پر ڈی آری ایس میں مدد لینے کا مرتکب قرار دیا گیا۔

ڈی ار ایس میں بلے باز دوسرے اینڈ پر موجود کھلاڑی سے مدد لے سکتا ہے لیکن گراؤنڈ سے باہر موجود کسی بھی آفیشل یا کھلاڑی سے مدد لینا کھیل کے قوانین کے خلاف ہے۔

اسٹیون اسمتھ نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس موقع پر ان کا دماغ ماؤف ہو گیا تھا اور انہوں نے غلطی سے ڈریسنگ روم کی جانب دیکھا تھا لیکن ویرات کوہلی اور ہندوستانی ٹیم کا موقف ہے کہ آسٹریلیا نے ایسا جان بوجھ کر کیا اور وہ ٹیسٹ میچ میں اس سے قبل بھی ایسا کر چکے تھے۔

تاہم ابھی اس معاملے کی گرد بیٹھی بھی نہ تھی کہ آسٹریلین اخبار نے نیا دعویٰ کر کے اور تنازع کھڑا کردیا۔

اخبار نے کہا کہ آسٹریلیا کی دیانت پر سوالات اٹھانے والے کوہلی اپنی جارحانہ مہم میں اس حد تک آگے نکل گئے کہ انہوں نے آسٹریلین آفیشل کو نارنجی رنگ کی بوتل کھینچ ماری لیکن ’منکی گیٹ‘ اسکینڈل کے اہم محرک اور ہندوستانی ٹیم کے موجودہ کوچ انیل کمبلے دوبارہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سب کچھ دیکھنے کے باوجود کٹھ پتلی بنے رہے۔

رپورٹ میں ویرات کوہلی پر مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہندوستان کے کپتان نے پیٹر ہینڈزکومب کے دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے کے بعد نازیبا اشارے کیے اور انہوں نے کھیل کی روح کو نقصان پہنچایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں