کرکٹر کا مقابلہ کرکٹر سے ہو تو ایک دلچسپ مقابلے کی توقع کی جاسکتی ہے لیکن لگتا یوں ہے کہ آسٹریلین سرزمین پر پیدا ہونے والے اداکار بھی مایہ ناز کرکٹرز سے کم نہیں ہوتے۔

ہالی ووڈ کی فلم لوگن نے رواں ماہ کے اوائل میں ریلیز ہوتے ہی مقبولیت کے جھنڈے گاڑھے اور ریٹنگ کی دنیا میں کامیاب فلموں میں جگہ بنائی۔ اس فلم میں لوگن کا کردار ادا کرنے والے ہف جیک مین کا تعلق آسٹریلیا کے شہر سڈنی سے ہے۔

48 سالہ جیک مین نے لوگن جیسی شاندار فلم سے قبل ایکس مین سیریز، والورین، دی پرسٹیج جیسی کامیاب فلموں میں شہرہ آفاق کردار ادا کیے۔

جیک مین جب 'لوگن' کے حوالے سے لوگوں کے درمیان موضوع بحث تھے تو ایسے میں آسٹریلیا کے سابق کپتان مارک ٹیلر، مارک وا اور شین وارن نے انھیں کرکٹ میں متعارف کروا کر ان کا ایک نیا پہلو مداحوں کے سامنے لایا ہے۔

آسٹریلیا نے کرکٹ کو دلچسپ بنانے اور لوگوں میں اس کی مقبولیت کو بڑھانے کے لیے ہمیشہ نئے رجحانات متعارف کرانے کی کوشش کی ہے اسی طرح 'لوگن' کو شین وارن کے ایک اوور میں زیادہ رنز بنانے کا دلچسپ چیلنج دے کر کرکٹ کی مقبولیت کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔

فیس بک پر ہوزیٹ کرکٹ کے نام سے ایک صفحے پر جاری ویڈیو میں 'لوگن' (ہف جیک مین) کو سابق مایہ ناز بلے باز مارک وا اور مارک ٹیلر نے شین وارن کے ایک اوور میں 21 سے زائد رنز بنانے کا مشکل چیلنج دیا اور اس کو 'لوگن پاور' کا نام دیا جس کا انھوں نے بھرپور حق ادا کیا۔

لوگن نے جیک مین کے اصلی روپ میں شین وارن کی پہلی ہی گیند پر اچھا شاٹ کھیلا اور چار رنز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن دوسری گیند پر انھیں مارک ٹیلر نے ایک رن کا حق دار قرار دے دیا۔

کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین اسپنرز میں سے ایک شین وارن کی گھومتی گیندوں کا مقابلہ کرنا ان کی کرکٹ سے کنارہ کشی کے کئی برسوں بعد بھی آسان نہیں ہے جس کا ثبوت انھوں نے متعدد مرتبہ کئی جانے مانے بلے بازوں کے خلاف دیا ہے لیکن جیک مین نے پراعتماد انداز میں خوب صورت کھیل کا مظاہرہ کیا۔

جیک مین نے شین وارن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آخری گیند پر بلند وبالا شاٹ کھیل کر صرف ایک رن کے فرق سے چینلج کو برابر نہ کرسکے اور یوں انھوں نے 6 گیندوں پر 20 رنز بنا کر اپنا ایک نیا روپ دکھایا جو ان کے مداحوں کے لیے قابل دید ہے۔

اس دلچسپ اور قہقہوں سے بھرپور اوورمیں مارک ٹیلر نے امپائرنگ کے ساتھ ساتھ کمنٹری بھی کی جبکہ مارک وا مائیک تھامے خوشگوار باتیں کرتے ہوئے ناظرین کو محظوظ کرتے رہے۔

جیک مین کو 21 رنز کا ہدف اس لیے دیا گیا تھا کہ اس سے قبل آسٹریلیا کے سابق بلےباز ایڈم گلکرسٹ نے اسی طرح کے مقابلے میں شین وارن کے خلاف 21 رنز بنائے تھے۔

شین وارن، مارک ٹیلر اور مارک وا تینوں نے جیک مین کی تعریف کی اور کہا کہ انھوں نے اچھی کوشش کی ہے جبکہ وارن نے جیک مین کو تھپکی بھی دی۔

تبصرے (0) بند ہیں