پاک-سعودیہ تعلقات قریبی اور مضبوط : نواز شریف

08 اپريل 2017
ملاقات میں امام کعبہ نے پاکستان میں پرجوش خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ —فوٹو: ثناءاللہ خان
ملاقات میں امام کعبہ نے پاکستان میں پرجوش خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ —فوٹو: ثناءاللہ خان

اسلام آباد: امام کعبہ صالح بن محمد بن طالب اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے درمیان وفاقی دارالحکومت میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں امام کعبہ نے پاکستان میں پرجوش خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم اور امام کعبہ کے درمیان ملاقات میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ مذہبی رہنما اور اسکالرز کس طرح اسلام سے متعلق ’منفی پروپیگنڈے‘ کو دور کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ’قریبی اور مضبوط‘ ہوئے ہیں جب کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا بے حد احترام کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام امن اور محبت کا دین ہے، امام کعبہ

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلام محبت، امن، صبر، درگزر، احترام اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے اور موجودہ وقت میں اس پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے امام کعبہ کو بتایا کہ خانہ کعبہ کی وجہ سے پاکستانی عوام کا سعودی عرب سے خاص مذہبی و روحانی لگاؤ ہے۔

سعودی عرب کے قائم مقام سفیر حبیب اللہ البخاری، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور دیگر سینئر افسران بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

مزید پڑھیں: نائب امامِ کعبہ پشاور پہنچ گئے

واضح رہے کہ گذشتہ روز نوشہرہ میں امام کعبہ شیخ صالح نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کے دوران خطبہ جمعہ دیا تھا جس میں انہوں نے مسلم امہ کے متحد ہونے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کافی رہے ہیں تاہم ان میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔

فروری 2017 میں ایک سعودی جریدے نے انکشاف کیا تھا کہ گذشتہ چار ماہ کے دوران سعودی عرب سے 39 ہزار پاکستانیوں کو بےدخل کیا گیا۔

دوسری جانب سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی سعودی فوجی اتحاد کے بطور سربراہ تقرری بھی دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی اہم مثال ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں