آملا کی سنچری رائیگاں، ممبئی کی ریکارڈ فتح

20 اپريل 2017
کنگز الیون پنجاب کے خلاف شاندار فتح پر ممبئی انڈینز کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
کنگز الیون پنجاب کے خلاف شاندار فتح پر ممبئی انڈینز کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

اندور: انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز نے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ہاشم آملا کی سنچری پر پانی پھیرتے ہوئے ریکارڈ ہدف حاصل کر کے کنگز الیون پنجاب کو شکست دے دی۔

اندور میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پنجاب کی ٹیم نے محتاط انداز اپنایا اور دس اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 69 رنز بنائے تھے لیکن وردھیمان ساہا کے آؤٹ ہونے کے بعد میکس ویل کے وکٹ پر آتے ہی میچ کا نقشہ بدل گیا۔

میکس ویل نے جارحانہ انداز اپنایا کی اور ان کی دیکھا دیکھی جنوبی افریقی بلے باز نے بھی جارحانہ بیٹنگ شروع کی اور دونوں نے 83 رنز کی شراکت قائم کر پنجاب کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

پنجاب کے کپتان نے صرف 18 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

میکس ویل کے آؤٹ ہونے کے بعد تین اوورز پنجاب کی ٹیم تیز رفتاری سے رنز نہ بنا سکی لیکن دوسرے اینڈ پر موجود آملا نے اختتامی اوورز میں تیز رفتاری سے بیٹنگ کر کے شاندار سنچری مکمل اور پنجاب کو 198 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

جنوبی افریقی بلے باز نے 60 گیندوں پر 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں چھ چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔

ایک مشکل نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں ممبئی کے اوپنرز نے جارحانہ انداز میں اننگز شروع کی اور پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 83 رنز بنا لیے، پارتھیو پٹیل دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

ایک کامیابی ملنے کے باوجود پانجاب کے باؤلرز رنز کا بہاؤ روکنے میں ناکام رہے اور جوز بٹلر نے نتیش رانا کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 85 رنز کی ساجھے ادری قائم کر کے پنجاب کے میچ جیتنے کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔

انگلینڈ کے بٹلر نے 37 گیندوں پر پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیل کر ٹی20 میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ بنایا۔

نتیش رانا نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کی بدولت ممبئی نے 199 رنز کا ہدف صرف دو وکٹ کے نقصان پر 27 گیندوں قبل ہی حاصل کر لیا۔

نتیش رانا نے 34 گیندوں پر سات چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت ممبئی نے اب تک اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کر لیا۔

جوز بٹلر کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں