ہولی وڈ کیلئے 'گھر' نہیں چھوڑوں گا، سلمان خان

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2017
سلمان خان ہولی وڈ جانے کے لیے راضی نہیں—۔فائل فوٹو
سلمان خان ہولی وڈ جانے کے لیے راضی نہیں—۔فائل فوٹو

لگتا ہے کہ بولی وڈ کے خانز کو ہولی وڈ میں ذرا بھی دلچسپی نہیں اور وہ اپنی ہی انڈسٹری میں کام میں زیادہ اطمینان محسوس کرتے ہیں۔

گذشتہ برس شاہ رخ خان نے ہولی وڈ فلموں میں کام نہ کرنے کی وجوہات بتائی تھیں اور اب سلمان خان کا کہنا ہے کہ وہ ہولی وڈ کے لیے ہندوستان نہیں چھوڑیں گے۔

آک لینڈ، نیوزی لینڈ میں فلم کی شوٹنگ کے دوران جب سلمان خان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ہولی وڈ جانے کے بارے میں سوچیں گے تو ان کا کہنا تھا، 'نہیں ہولی وڈ بہت دور ہے، مجھے تو کام کے دوران اپنا گھر چھوڑنا بھی اچھا نہیں لگتا'۔

مزید پڑھیں: شاہ رخ کی ہولی وڈ فلم کرنے کی واحد شرط

اس سے قبل بھی سلمان خان نے 2015 میں اپنی فلم 'پریم رتن دھن پایو' کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ انھیں ہولی وڈ میں کام کرنے کی کوئی خواہش نہیں، ان کا کہنا تھا، 'مجھے بولی وڈ انڈسٹری میں کام کرنا اور ہندی میں ڈائیلاگ بولنا پسند ہے، میں کئی سالوں سے فلموں میں ہندی زبان میں ڈائیلاگ بولتا آیا ہوں، لہٰذا اگر اب میں انگلش فلم میں کام کے دوران انگریزی میں ڈائیلاگ بولوں گا تو وہ عجیب لگیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ میں کبھی کام نہیں کرنا چاہتا، سلمان خان

دوسری جانب جب سلمان خان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ پنجابی فلموں میں کام کرنا پسند کریں گے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی ایک بڑی خواہش ہے۔

ان کا کہنا تھا، 'میں نے ایک فلم کی تھی 'ہیروز'، جس میں میں نے ایک سردار کا کردار ادا کیا تھا، میں نے بہت سے پنجابی کردار ادا کیے ہیں، لیکن کبھی کسی پنجابی فلم میں کام نہیں کیا، اگر مجھے موقع ملا تو میں ضرور پنجابی فلم کروں گا، یہ ایک بہت تیزی سے بڑھتی ہوئی انڈسٹری ہے اور میں اس کا حصہ بننے میں خوشی محسوس کروں گا'۔

رواں برس سلمان خان کی 2 فلمیں 'ٹیوب لائٹ' اور 'ایک تھا ٹائیگر' کا سیکوئل 'ٹائیگر زندگی ہے' ریلیز ہونے جارہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں