کراچی: سابق صوبائی وزیر اور رہنما پیپلز پارٹی ( پی پی) منظور وسان نے نواز شریف کے حوالے سے پیشن گوئی کی ہے کہ جولائی کا مہینہ ان کے لیے خطرے سے بھر پور ہوگا اور نواز شریف وزات عظمیٰ کے عہدے پر نہیں رہیں گے۔

انوکھے خواب دیکھنے کے حوالے سے مشہور منظور وسان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 جون سے جولائی تک نواز شریف کوخطرات کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے بعد نواز شریف وزیر اعظم نہیں رہیں گے اور دباؤ میں میں آکراستعفیٰ دیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جو دیکھ رہا ہوں وہی بتا رہا ہوں۔

مزید پڑھیں: پہلی بار اسمبلی کا اجلاس اقلیتی رکن کی صدارت میں

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے عہدے سے نواز شریف کو تبدیل کیا جائے گا اور ان کی جگہ مریم نواز وزیر اعظم نہیں بن سکتیں بلکہ کسی اور شخص کو وزیر اعظم بنایا جائے گا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا اور اب بھی کہ رہا ہوں کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن ایک ہی جماعت ہیں اور ایم کیو ایم کے تمام دھڑے الیکشن کے نزیک ایک ہوجائیں گے اور مل کر الیکشن لڑیں گے۔

الیکشن کمیشن کے جوائنٹ سیکریٹری عطاء الرحمان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ سیکریٹری کو عہدے سے ہٹانا لازمی ہے، جب تک ان کی ملازمت میں توسیع کی جاتی رہے گی تو شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے، ملک میں شفاف الکیشن کے لیے ضروری ہے کے عطاء الرحمان عہدے سے برطرف کیے جائیں۔

یہ بھی دیکھیں: منظور وسان کی زبان پھر پھسل گئی

پاناما کیس کے فیصلے کے بعد بنائی جانے والی جے آئی ٹی کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ جےآئی ٹی ایسے ہی چلتی رہے گی اور اس کے کوئی خاص نتائج سامنے نہیں آئیں گے۔

یاد رہے کہ منظور وسان اپنے خواب اور پیشن گوئیوں کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے اس سے قبل بھی مختلف پیشن گوئیاں کی ہیں، انہوں نے ایک مرتبہ یہ بھی پیشن گوئی کی تھی کہ مجھے عام انتخابات مقررہ وقت سے 4 ماہ قبل ہوتے نظر آرہے ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں