ایک سینٹی میٹرز کی اشیاء کیا کچھ کرسکتی ہیں؟

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2017
تصویر بشکریہ ناسا
تصویر بشکریہ ناسا

برلن: ویسے تو ایک سینٹی میٹرز کی کوئی بھی چیز بڑی اہمیت نہیں رکھتی، تاہم جب اسی سائز کی لاکھوں چیزیں ایک ساتھ جمع ہوجائیں تو وہ کوئی بھی بڑا حادثہ کرسکتی ہیں۔

اور اگر یہی چیزیں زمین کے بجائے خلا میں ہوں تو وہ اور بھی زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

عام خیال تو یہی ہے کہ خلا میں عام لوگوں کا کوئی کام نہیں ہوتا، اس لیے وہاں اگر کوئی خطرناک چیزیں موجود بھی ہیں تو وہ زمین میں بسنے والے انسانوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔

لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، کیوں کہ انسان کو زمین پر ترقی کے لیے آسمان پر جانا پڑا، جس کی بدولت ہی آج دنیا اتنی ترقی پذیر ہے۔

خلا میں بڑھتے کچرے اور ٹریفک سے متعلق جرمنی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی سالانہ کانفرنس میں بتایا گیا کہ اس وقت خلا میں ایک سینٹی میٹر سے زائد سائز کی 7 لاکھ، جب کہ ایک سینٹی میٹر سائز کی ایک کروڑ 70 لاکھ چیزیں موجود ہیں۔

خلا میں ملبے پر یورپین کانفرنس میں ماہرین نے بتایا کہ یہ نہایت ہی چھوٹی سائز کی چیزیں مدار میں تجربات اور خلائی کاموں میں مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔

کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ 1957 سے اب تک مجموعی طور پر دنیا بھر سے 4 ہزار 900 خلائی آپریشن شروع کیے گئے، اور اس وقت صرف 1100 خلائی جہاز تجربات کے لیے فنکشنل ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ خلا میں موجود چیزوں یا ملبے سے اب تک 250 دھماکے ہوچکے ہیں یا ان کی وجہ سے رکاٹیں پیدا ہوچکی ہیں، جب کہ خلا میں موجود مزید 18 ہزار ایسے ہی رکاوٹ بننے والے بڑے ٹکڑوں یا راستوں کا پتہ لگانا ابھی باقی ہے۔

کانفرنس کے شرکاء کو آگاہی دی گئی کہ اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ خلا میں 10 سینٹی میٹرز سے بڑی سائز کی ناکارہ چیزیں بھی موجود ہیں، جب کہ خلا میں ملبے اور گندگی میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

کانفرنس میں خبردار کیا گیا کہ یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں اور ملبہ جو ممکنہ طور پر 56 ہزار کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتے ہیں اگر کسی جہاز یا سیٹلائیٹ سے ٹکرا گئے تو نہ صرف دھماکہ ہوسکتا ہے، بلکہ تحقیق کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں