لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے 16 ڈیری مصنوعات کی لیبارٹری رپورٹس جاری کردیں جس میں بیشتر کمپنیوں کے دودھ کو انسانی استعمال کے لیے صحت بخش قرار دے دیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق، ڈبہ بند دودھ اولپرز، حلیب، گڈ ملک، نیسلے ملک پیک، نیسویٹا اور نورپور استعمال کے لیے صحت بخش ہیں، مذکورہ کمپنیوں کے نمونوں کی مقامی اور بین الاقوامی لیبارٹریوں میں جانچ کی گئی۔

اسی طرح پیسچرائزڈ دودھ اچھا، ایڈمز، انہار، پریما، ڈیلی ڈیری، ڈے فریش، گورمے، مالمو اور نیوٹرو نے بھی جانچ کا ٹیسٹ پاس کرلیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نور الامین مینگل کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ان مصنوعات کے نمونے 15 سے 20 مارچ کے دوران اکھٹے کیے گئے، ان کی پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) سمیت ایس جی ایس اور انٹرٹیک نامی دو جرمن لیبارٹریوں میں جانچ کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جانچ کے لیے نمونے اکھٹا کرنے سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ان کمپنیوں کے وقتاً فوقتاً 90 دورے کیے اور بہتری کی تجاویز دیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اس عمل کو سال میں دو بار دہرانے کا فیصلہ بھی کرچکی ہے۔


یہ خبر 25 اپریل 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں