تائیوان سے تعلق رکھنے والی کمپنی ایچ ٹی سی رواں ماہ اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون یو متعارف کرانے والی ہے۔

اور نئی لیکس سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ سام سنگ کے گلیکسی ایس ایٹ سے بھی زیادہ طاقتور فون ثابت ہونے والا ہے۔

ایچ ٹی سی کو حالیہ برسوں کے دوران ایپل، سام سنگ اور گوگل کے فلیگ شپ فونز کے سامنے صارفین کو اپنی جانب کھینچنے میں جدوجہد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مگر ایسا لگتا ہے کہ وہ اب اس نئے اسمارٹ فون سے کامیاب واپسی کی خواہشمند ہے۔

اس فون کے لیک ہوکر سامنے آنے والے فیچر کے مطابق یہ اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر اور 6 جی بی ریم کے ساتھ ہوگا جبکہ ایس ایٹ میں فور جی بی ریم ہے۔

اس نئے فون میں 5.5 انچ کی کواڈ ایچ ڈی ڈسپلے، واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس اور میموری میں ایس ڈی کارڈ سے اضافے جیسے فیچرز کا امکان ہے۔

اس کا بیک کیمرہ 12 میگا پکسل جبکہ فرنٹ 16 میگا پکسل کا ہوگا۔

اس فون میں ممکنہ طور پر ایج سنس نامی فیچر ہے جو کہ ٹچ سنسر کو فون کے ارگرد موجود فریم سے منسلک کردیتا ہے۔

یعنی فون کو ہاتھ میں دبا کر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ ایسی ٹیکنالوجی ہے جو فی الحال کسی اور فون میں دستیاب نہیں اور ایچ ٹی سی اس سے دیگر کمپنیوں کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے۔

اس کی قیمت کیا ہوگی، اس بارے میں اسی وقت علم ہوگا جب اسے 16 مئی کو متعارف کرایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں