عالمی شہرت یافتہ سابق آل راؤنڈ اور کپتان شاہد آفریدی کی اکیڈمی کیلئے شہری، صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب زمین کی فراہمی کی پیشکش کے بعد سابق کرکٹر حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد بھی میدان میں آ گئے ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر کے بعد صوبائی حکومت اور وفاق کی جانب سے بھی عالمی شہرت یافتہ سابق آل راؤنڈر کو زمین کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن اس اعلان کے ساتھ ہی شعیب محمد نے بھی اپنے والد کے نام سے گراؤنڈ بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کیلئے دو، تین پیشکشیں آ رہی ہیں جو اچھی بات ہے لیکن حنیف محمد جیسے عظیم بلے باز کے ریکارڈ اور خدمات دنیا میں کوئی نہیں بھلا سکتا۔

انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے خود فون کر کے وعدہ کیا کہ ان کے نام سے ایک گراؤنڈ تعمیر کیا جائے گا لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کچھ نہیں ہو سکا

شعیب محمد نے کہا دنیا بھر میں ہر کوئی کرکٹ میں تکنیک کوکرکٹر کی اہلیت جانچنے کیلئے اولین پیمانہ قرار دیتا ہے لیکن اگر کوئی راؤنڈ کی سہولت موجود نہیں ہو گی تو ہم حنیف محمد کی شاندار تکمیل کو اگلی نسل تک کیسے منتقل کریں گے اور پاکستان کرکٹ کیسے آگے بڑھے گی۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ لٹل ماسٹرز کی زندگی کے آخری ایام میں وزیر اعلیٰ سندھ بھی ملاقات کیلئے آئے اور انہیں باور کرایا کہ گراؤنڈ کا قیام ان کی زندگی کی آخری خواہش ہے لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بھی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی میرے والد سے اچھی دوستی رہی اور اب وقت ہے کہ آپ میرے والد سے دوستی نبھاتے ہوئے ان کے نام پر ایک گراؤنڈ بنائیں تاکہ ان کے ساتھ ساتھ آپ کا نام بھی روشن رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں