کوفتہ مصالحے کا شمار اُن کھانوں یا سالن میں ہوتا ہے، جو پاکستانی معاشرے میں زیادہ کھائے جاتے ہیں، اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب کئی کمرشل ہوٹلز بھی کوفتہ مصالحہ بنانے لگے ہیں۔

لیکن جو ذائقہ اور مزہ گھر کے بنے کوفتہ مصالحے میں ہوتا ہے، وہ ہوٹل کے تیز مصالحوں اور قدرے چکنائی والے کھانوں میں کہاں، لیکن کئی لوگ مجبوراً گھر کے بجائے ہوٹل کے کوفتہ مصالحہ کھانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

آج ہم آپ کو یہاں ذائقہ دار کوفتہ مصالحہ بنانا سکھائیں گے۔

کوفتے بنانے کے لیے اجزاء

قیمہ آدھا کلو

انڈا ایک عدد

پیاز 2 عدد کٹی ہوئی

ہری مرچ 6 عدد پسی ہوئی

سرخ مرچ ایک چائے کا چمچ

لہسن ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ

خشخاش پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ

بھنے ہوئے چنوں کا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ

گریوی کے اجزاء

لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ

پیاز 2 عدد کٹے ہوئے

سرخ مرچ ایک کھانے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ

ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ

دہی ایک کپ

آئل آدھا کپ

نمک حسب ذائقہ

ثابت گرم مصالحہ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب

کوفتے کے تمام اجزاء قیمے میں ڈال کر مکس کریں اور اسے کوفتوں کی شکل دے کر 10 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

فرائی پین میں تیل گرم کرکے اس میں ثابت گرم مصالحہ فرائی کریں، پھر دہی اور دیگر تمام مصالحے شامل کرکے کچھ دیر بھونیں۔

بھنے ہوئے مصالحے میں آدھا کپ پانی شامل کرکے اس میں قیمے کے کوفتے ڈال دیں۔

کوفتوں کو گریوی میں ڈال کر ایک منٹ تک تیز آنچ پر پکانے کے بعد 20 منٹ تک ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔

گرما گرم روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN May 18, 2017 06:08pm
اسما نے تو بہت اچھا کوفتہ مسالہ بنانا سکھایا۔ خیر ہو آپ کی