موٹاپے سے نجات چاہتے ہیں؟ تو پانی کو اپنالیں

18 مئ 2017
یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

دن میں سافٹ ڈرنکس کی خواہش کو پورا کرنے کی بجائے صرف ایک گلاس پانی پینا بھی موٹاپے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتا ہے۔

یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نواررا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات کی جگہ پانی کو ترجیح دیتے ہیں وہ جسمانی وزن میں کمی لانے میں کامیاب رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں : موٹاپے سے بچاؤ کے لیے 14 آزمودہ ٹپس

سولہ ہزار افراد پر ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ سافٹ ڈرنک کی جگہ پانی کو دینے سے موٹاپے کا خطرہ 20 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ چاہے لوگ ورزش نہ کریں یا خاندان میں موٹاپے کی تاریخ ہو، تو بھی پانی کو ترجیح دینا اس خطرے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سافٹ ڈرنکس میں سب سے زیادہ کیلوریز ہوتی ہیں جن کا زیادہ استعمال توند نکلنے کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ تحقیق پرتگال میں جاری موٹاپے پر یورپین کانگریس میں پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : موٹاپے کی 'نظرانداز' کی جانے والی 5 وجوہات

اس سے پہلے ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ کھانے سے پہلے 500 ملی لیٹر پانی پینا موٹاپے سے نجات کے لیے بہترین نسخہ ثابت ہوتا ہے۔

برمنگھم یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق کھانے سے آدھا گھنٹے قبل آدھا لیٹر پانی پینا لوگوں کے لیے کم کیلوریز کو کھانا ممکن اور جسمانی وزن میں کچھ ماہ کے اندر 44 فیصد تک زیادہ کمی لاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں