کولکتہ کو شکست، ممبئی آئی پی ایل فائنل میں

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کولن ڈی گرینڈ ہوم کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرنے پر ممبئی انڈینز کے کپتان اور دیگر کھلاڑی کارن شرما کو داد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کولن ڈی گرینڈ ہوم کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرنے پر ممبئی انڈینز کے کپتان اور دیگر کھلاڑی کارن شرما کو داد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی

بنگلور: ممبئی انڈینز نے انڈین پریمیئر لیگ 2017 کے دوسرے کوالیفائر میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد چھ وکٹ سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

چنا سوامی اسٹیڈیم، بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جسے ان کے باؤلرز نے بالکل درست ثابت کر دکھایا۔

کرس لن اننگز کے دوسرے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سنیل نارائن اور روبن اتھاپا نے اسکور کو 24 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر کارن شرما نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے گوتم گمبھیر، سنیل نارائن اور کولن گرینڈ ہوم کو پویلین لوٹا کر کولکتہ کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی جبکہ جسپریت بمراہ نے روبن اتھاپا کو آؤٹ کر کے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی۔

31 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد ایشانک جاگی اور سوریا کمار یادو نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دینے کی کوشش کی اور 56 رنز جوڑ کر مجموعہ 87تک پہنچایا لیکن کارن شرما نے ایک مرتبہ پھر باؤلنگ پر آ کر جاگی کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

اس کے بعد کولکتہ کے بلے باز زیادہ مزاحمت نہ کر سکا اور مزید 20 رنز کے اضافے کے ساتھ پوری ٹیم 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

کوکلتہ کی جانب سے سوریا کمار یادو 31 اور جاگی 28 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ سات بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہونے کی حسرت دل میں لیے ہی پویلین لوٹے۔

ممبئی کے کارن شرما نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ بمراہ نے سات رنز کے عوض تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

آسان ہدف کے تعاقب میں ممبئی کی ٹیم بھی 34 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی لیکن کپتان روہت شرما اور کرونل پانڈیا نے چوتھی وکٹ کیلئے 54 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔

روہت 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے لیکن پانڈیا کے 45 رنز کی بدولت ممبئی نے 33 گیندوں قبل ہی چھ وکٹ سے فتح اپنے نام کر کے ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

کارن شرما کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اتوار کو آئی پی ایل 2017 کے فائنل میں ممبئی کا مقابلہ رائزنگ پونے سپر جائنٹس سے ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں