بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے پاکستان سے دوطرفہ سیریز کی اجازت طلب کرنے کیلئے اپنی حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان بھی آئندہ ہفتے اجلاس میں بات چیت ہو گی۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان چھ سیریز کھیلی جانی تھیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے سبب اب تک اس کو عملی جامع نہیں پہنایا جا سکے۔

ہندوستانی کرکٹ بورڈ سیکیورٹی اور کشیدہ تعلقات کو بہانہ بنا کر سیریز نہ کھیلنے سے کئی مرتبہ انکار کیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے انڈین بورڈ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

بی سی سی آئی کے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہا کہ ہم سیریز کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں لیکن صورتحال ابھی جوں کی توں ہے اور ہمیں پاکستان سیریز کھیلنے کی حکومتی اجازت درکار ہے۔

29 مئی کو دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان میٹنگ ہو گی جس میں بی سی سی آئی کے نمائندے امیتابھ چوہدری شہریار خان یا پی سی بی کے کسی اور نمائندے سے ملاقات کریں گے۔

امیتابھ چوہدری نے کہا کہ ہم نے حکومت سے اجازت طلب کرنے کیلئے انہیں دوبارہ کط لکھ دیا ہے اور ان کے جواب کے منتظر ہیں۔ میرے خیال میں مذاکرات جاری رہنے چاہئیں اور اسی لیے ہم 29 مئی کو دبئی میں ملاقات کر رہے ہیں۔

پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آج ہی بیان دیا ہے کہ اگر 29 مئی کو مذاکرات میں بھارت نے پاکستان کی بات نہ مانی تو یہ معاملہ ٹریبونل میں لے جایا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے بتایا تھا کہ 29 مئی کو انگلینڈ میں چیئرمین پی سی بی کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کریں گے جہاں پاکستان اپنا واضح موقف پیش کرتے ہوئے بھارت سے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کا مطالبہ کرے گا یا پھر پاکستان اپنے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے بھارت سے واجبات کا مطالبہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے مطالبات پورے نہ کیے تو پھر پاکستان آئی سی سی کو اس معاملے میں شامل کرے گا اور اگر پھر بھی یہ معاملہ طے نہ پایا گیا تو اس معاملے کو ٹرئبیونل میں لے جایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں