ان فٹ وہاب ریاض چیمپیئنز ٹرافی سے باہر

اپ ڈیٹ 05 جون 2017
وہاب ریاض نے 8.4 اوورز میں 87 رنز دے کر چیمپیئنز ٹرافی کے سب سے مہنگے باؤلر بن گئے— فوٹو: رائٹرز
وہاب ریاض نے 8.4 اوورز میں 87 رنز دے کر چیمپیئنز ٹرافی کے سب سے مہنگے باؤلر بن گئے— فوٹو: رائٹرز

بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض انجری کے سبب چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔

بھارت کے خلاف میں اننگز کے 46ویں اوور میں وہاب ریاض باؤلنگ کراتے ہوئے گر پڑے تھے اور میچ میں دوبارہ باؤلنگ نہ کر سکے۔

انہیں فوری طور پر انجری کے سبب ہسپتال بھی لے جایا گیا جس کے سبب وہ بیٹنگ کیلئے بھی نہ آ سکے۔

پاکستانی ٹیم کے آفیشلز کے مطابق ڈاکٹرز نے محمد عامر کو میچ کیلئے فٹ اور وہاب ریاض کو ان فٹ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کے مطابق وہاب ریاض کو انجری سے صحتیابی میں کم از کم ایک ہفتہ لگے گا اور انہیں ایک سے دو ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ نے ابھی تک وہاب کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کو طلب کرنے کی درخواست نہیں کی لیکن ضرورت پڑنے پر محمد عباس ان کے ممکنہ تمبادل ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے 8.4 اوورز میں 87 رنز دیے جو اب تک ایونٹ کی تاریخ میں کسی بھی فاسٹ باؤلر کی سب سے خراب پرفارمنس ہے۔

پاکستانی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی میں اپنا اگلا میچ بدھ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں