اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری سے مئی کے دوران ملک میں تھری جی صارفین کی تعداد میں اوسط ماہانہ 3 لاکھ 70 ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ فور جی صارفین کی تعداد میں 23 لاکھ 30ہزار کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے اپنی ایک رپورٹ میں پی ٹی اے کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوری سے مئی 2017 کے دوران جیز، ٹیلی نار اور یوفون کے تھری جی صارفین کی تعداد میں کمی جبکہ زونگ کے صارفین کی تعداد میں 15 لاکھ 40 ہزار کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے مئی 2017 کے دوران انٹرنیٹ کی سہولت سے استفاد کرنے والے 18 لاکھ 30 ہزار تھری جی صارفین زونگ سے استفادہ کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مئی 2017 میں تھری جی انٹرنیٹ کی سہولت سے استفادہ کرنے والے مجموعی صارفین میں سے 24 فیصد زونگ،34 فیصد جیز اور 13 فیصد یوفون جبکہ ٹیلی نار انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کا تناسب 29 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں