پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مسلمانوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق فرانسیسی پولیس کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے مسجد کے قریب لوگوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی، جسے حراست میں لینے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی۔

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 6 بجے پیرس کے مضافاتی علاقے کریٹیل میں پیش آیا اور اس میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: برطانیہ: خاتون نے عید کے اجتماع پر گاڑی چڑھادی

اس واقعے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہیں لیکن حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص آرمینیائی نژاد باشندہ ہے اور اس کا کہنا تھا کہ وہ پیرس میں شانزے لیزے اور پیٹکلان میں شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پیرس کے جنوب مشرقی مضافاتی علاقے میں واقع ایک مسجد کی حفاظت کے لیے لگائے گئے بیریئرز اور بل بورڈز کے ساتھ ملزم مسلسل گاڑی ٹکرا رہا تھا۔

جس کے بعد اس نے گاڑی بھگائی تاہم اس کو جلد ہی گرفتار کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لندن: ڈرائیور نےتراویح پڑھ کرنکلنےوالوں پر وین چڑھادی،1 شخص ہلاک

خیال رہے کہ 20 اپریل کو شانزے لیزے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک فرانسیسی پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے بعد ازاں ’داعش‘ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اس سے قبل 14 نومبر 2015 کو پیرس میں ایک تھیٹر میں جمع 1500 افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 100 افراد ہلاک اور 352 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: فرانس: ٹرک ڈرائیور نے 84 افراد کو کچل دیا

واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران یورپ میں کئی ایسے حملوں ہوئے جس میں گاڑی کو ہجوم سے ٹکرایا گیا، ان میں سے بیشتر کی ذمہ داری ’داعش‘ کے ساتھ وفاداری ظاہر کرنے والوں نے قبول کی۔

تبصرے (0) بند ہیں