لندن: ڈرائیور نےتراویح پڑھ کرنکلنےوالوں پر وین چڑھادی،1 شخص ہلاک

اپ ڈیٹ 19 جون 2017
فینز بری پارک مسجد کے باہر لوگ نماز ادا کرتے ہوئے، جہاں ایک حملہ آور نے نمازیوں پر گاڑی چڑھادی—۔فوٹو/ اے ایف پی
فینز بری پارک مسجد کے باہر لوگ نماز ادا کرتے ہوئے، جہاں ایک حملہ آور نے نمازیوں پر گاڑی چڑھادی—۔فوٹو/ اے ایف پی

لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں شہریوں پر گاڑی چڑھانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، جہاں فینزبری پارک کے قریب ایک حملہ آور نے تراویح پڑھ کر مسجد سے نکلنے والے شہریوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جائے وقوع پر موجود گاڑی کے 48 سالہ ڈرائیور کو لوگوں نے پکڑ لیا، جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہا، واقعے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے، جنھیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، دوسری جانب ڈرائیور کو بھی ہسپتال لے جایا گیا ہے، جہاں اس کی ذہنی حالت کی جانچ کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق انھیں واقعے کی اطلاع رات ساڑھے 12 کے قریب ملی، جس کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا۔

مسلم کونسل برطانیہ (ایم سی بی) نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، 'ہمیں اطلاع ملی کے فنزبری پارک مسجد سے نکلنے والے نمازیوں پر ایک حملہ آور نے وین چڑھادی، ہماری دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں'۔

ایم سی بی کے سربراہ ہارون خان کا کہنا تھا کہ وین نمازیوں پر 'جان بوجھ کر' چڑھائی گئی، جو ماہ رمضان میں تراویح پڑھ کر مسجد سے نکل رہے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو سیل کردیا—۔فوٹو/ اے ایف پی
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو سیل کردیا—۔فوٹو/ اے ایف پی

عینی شاہدین کے تاثرات

ایک عینی شاہد عبدی قادر نے اے ایف پی کو بتایا، 'حملہ آور نے چند لوگوں کو روند ڈالا، جبکہ کچھ لوگوں کو وہ سڑک پرچند کلومیٹر تک گھسیٹتے ہوئے لے گیا'۔

ایک 41 سالہ عینی شاہد ڈیوڈ روبنسن کے مطابق، 'ہم نے بہت سے لوگوں کو چلاتے ہوئے دیکھا اور بہت سے لوگ زخمی تھے'۔

'خوفناک واقعہ'

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے فنزبری پارک مسجد کے قریب پیش آنے والے سانحے کو 'خوفناک واقعہ' قرار دیا۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی دعائیں اور نیک تمنائیں متاثرین اور جائے وقوع پر موجود ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کے ساتھ ہیں۔

رواں برس لندن میں دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی پارلیمنٹ کے باہر دہشت گرد حملہ، 5 افراد ہلاک

22 مارچ کو برطانوی پارلیمنٹ کے باہر اور اطراف میں بیک وقت دہشت گردی کے متعدد حملوں میں حملہ آور سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے تھے۔

22 مئی کو برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع برٹش ایرینا میں ایک خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں 22 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:لندن: دہشتگردوں نے راہگیروں پر گاڑی چڑھادی، 7 افراد ہلاک

بعدازاں رواں ماہ جون کے آغاز میں بھی عسکریت پسندوں نے لندن بریج پر پیدل چلنے ولے مسافروں پر تیز رفتار وین چڑھادی تھی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں