وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ قوم نے انہیں 5 سالہ مدت کے لیے مینڈیٹ دیا ہے، قوم کو ان پر اعتبار ہے اور وہ ان کی ترقی کی حامل پالیسیوں پر پختہ یقین رکھتی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق تاجکستان کے دو روزہ دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام 2018 میں ایک بار پھر ان کی جماعت کو ووٹ دے کر اقتدار میں لائیں گے، کیونکہ وہ ان کی کارکردگی اور ان کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لانے کی صلاحیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔

پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی طرف سے ان کے خاندان کے ارکان سے جاری پوچھ گچھ سے متعلق سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ ’ڈرنے کی کوئی بات نہیں کیونکہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی جےآئی ٹی میں پیشی: ’میں اورمیرا خاندان سرخرو ہوں گے‘

انہوں نے سوال کیا کہ ’میرے خلاف کیا الزامات ہیں؟ کیا میں نے قومی خزانے کو لوٹا؟ کیا میں نے کوئی کرپشن کی یا کوئی کک بیک حاصل کیا؟ اس شخص کا احتساب کیا جارہا ہے جس نے اس ملک کو جوہری طاقت بنایا۔‘

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے خاندان کے کاروباری امور کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کے خلاف بار بار سازشیں کی گئی۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار بھی ان کے مخالفین بری طرح ناکام ہوں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی شکست تسلیم نہیں کی، ہم نے 2014 میں دھرنے اور پھر 2016 میں اس کے دوسرے راؤنڈ کا سامنا کیا اور اس بحران سے بھی سرخرو ہوں گے۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں