اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع پر کشمیریوں کے جدوجہد آزادی کو سراہتے ہوئے ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق برہان وانی کی برسی پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی آواز کو کبھی نہیں دبا سکتا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برہان وانی کے خون نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئےتیار'

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام آزادی کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ثابت قدم ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری عوام پر کیے جانے والے ظلم کو بین الاقوامی سطح کے ہر فورم پر اٹھایا ہے جبکہ برہان وانی کی شہادت سے واضح ہے کہ کشمیری عوام نے بھارتی قبضے کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔

وزیر اعظم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اس کے علاوہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح پر کشمیری عوام کی جانب سے کیا جانے والا جشن کشمیر میں ’ریفرنڈم‘ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان کا مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سے انکار

وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر کشمیر میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراداد نافذ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو قبول کرنا ہوگا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا حق حاصل ہے۔

حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف برہان وانی اور کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں ان کے عزم کی گواہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں