ٹماٹر کا استعمال کینسر سے بچائے

15 جولائ 2017
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

روزانہ ٹماٹر کھانا منہ کے ذائقے کو ہی بہتر نہیں بناتا بلکہ جلد کے کینسر سے بھی تحفظ دیتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹماٹر کو سرخ رنگ دینے والا جز انسانی جلد کو سورج کی شعاعوں سے پہنچنے والے جان لیوا نقصان سے بھی بچاتا ہے۔

مزید پڑھیں : ٹماٹر استعمال کرنے کے 4 فوائد

تحقیق کے دوران چوہوں کو روزانہ کی غذا کے طور پر ٹماٹر کا پاﺅڈر استعمال کرایا گیا، جس کے نتیجے میں رسولی میں کمی دیکھنے میں آئی۔

تحقیق کے مطابق جب انسانوں میں جلدی کینسر پھیلتا ہے تو وہ جنیاتی طور پر چوہوں سے ملتا جلتا ہے اور اس کا علاج کافی مشکل ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران چوہوں کو الٹرا وائلٹ شعاعوں سے گزارا گیا جو کہ انسانوں میں جلدی کینسر کا باعث بنتی ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ٹماٹر کا استعمال کرنے والے جانوروں میں جان لیوا رسولی کا خطرہ 50 فیصد تک کم ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹماٹر کھائیں وزن گھٹائیں

محققین کا کہنا تھا کہ ٹماٹروں میں موجود جز کیروٹین انسانی صحت کے لیے بہت مفید ہے اور رسولی سکیڑنے میں مدد دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ٹماٹر کا یہ فائدہ نر چوہوں میں دیکھا گیا جبکہ مادہ میں نہیں اور انسانوں میں بھی ممکنہ طور پر ایسا ہی ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ غذا ادویات تو نہیں ہوسکتیں مگر ان کا مستقبل استعمال مخصوص امراض سے بچاﺅ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے نتائج طبی جریدے سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں