انگلینڈ کو 340 رنز سے شکست، سیریز برابر

17 جولائ 2017
انگلینڈ کے اوپنر کیٹن جیننگز کا ورنن فلینڈر کی گیند پر باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی
انگلینڈ کے اوپنر کیٹن جیننگز کا ورنن فلینڈر کی گیند پر باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی

ناٹنگھم: جنوبی افریقہ نے باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 340 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے 474 رنز کے ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری نامکمل اننگز ایک رن بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو اسے ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقی باؤلرز کی نپی تلی اور شاندار باؤلنگ کا میزبان بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہ تھی اور انگلینڈ کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی مانند گرتی رہیں۔

ایلسٹر کک 42، معین علی 27، جونی بیئر اسٹو 16 اور بین اسٹوکس 18 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 133 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 100 اوورز بھی بیٹنگ نہ کر سکی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مین آف دی میچ ورنن فلینڈر نے تین، کیشپ مہاراج نے تین جبکہ کرس مورس اور ڈوان الیویئر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں 340 رنز سے فتح کی بدولت جنوبی افریقہ نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 27 جون سے اوول میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں