کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مسلح افراد کی فائرنگ سے سیاسی جماعت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے دو کارکن جاں بحق ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اورنگی ٹاؤن عابد بلوچ کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے کارکن سندھ گورنمنٹ قطر ہسپتال کے قریب قذافی ٹاؤن کی ایک گلی میں بیٹھے ہوئے تھے کہ ان پر دو مسلح موٹرسائیکل سواروں نے حملہ کیا اور فرار ہوگئے۔

گولیوں کا نشانہ بننے والے دونوں افراد کو قطر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے 55 سالہ عبدالحمید عرف ندیم عرف ملا کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

50 سالہ راشد خان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے نارتھ ناظم آباد کے ایک نجی ہپستپال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایس پی عابد بلوچ کا کہنا تھا کہ 'نشانہ بننے والے دونوں افراد کا تعلق پی ایس پی سے تھا اور یہ ٹارگٹ کلنگ کا ایک واقعہ ہوسکتا ہے'۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ہیلمنٹ پہنا ہوا تھا جبکہ جائے وقوعہ سے 9ایم ایم کے چار خول ملے ہیں۔

ڈان سےبات کرتے ہوئے پی ایس پی کےترجمان نے دعویٰ کیا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول ندیم ضلع غربی میں پارٹی کا عہدیدار تھا جبکہ راشد پارٹی کی کراچی ڈویژن سےمنسلک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ شہر میں پی ایس پی کے کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا ہو۔

تبصرے (0) بند ہیں