'ٹریلر نے فلم کے ساتھ انصاف نہیں کیا'

21 جولائ 2017
شہروز سبزواری، سید نور کی فلم 'چین آئے نہ' کے ساتھ فلمی ڈیبیو کرنے جارہے ہیں — ۔
شہروز سبزواری، سید نور کی فلم 'چین آئے نہ' کے ساتھ فلمی ڈیبیو کرنے جارہے ہیں — ۔

پاکستانی اداکار شہروز سبزواری بہت جلد سید نور کی ہدایات میں بننے والی فلم 'چین آئے نہ' سے فلمی دنیا میں ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔

فلم کے پہلے ٹریلر کی ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین نے اس کا خوب مذاق اڑایا اور فلم کے ہدایت کار سمیت تمام اداکاروں پر بھی شدید تنقید کی گئی۔

شہروز کے علاوہ فلم میں سارش خان بھی ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، جنہوں نے ٹریلر کے بعد ملنے والی تنقید کے باوجود کہا کہ وہ 'چین آئے نہ' سے تعلق رکھنے والی ہر چیز کا ساتھ دیں گی۔

مزید پڑھیں: سید نور اپنی فلم ’چین آئے نہ‘ سے کیا سکھانا چاہتے ہیں؟

شہروز سبزواری نے اس حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا، 'میرے خیال سے تنقید اچھی چیز ہے، ہم اسے قبول کرتے ہیں، آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ ایک ٹریلر اچھا تھا یا خراب تھا لیکن ایسا نہیں کہنا چاہیے کہ یہ فلم ہی نہ دیکھنے جائیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ٹریلرز صرف ایک منٹ کی وہ جھلک ہے جو 3 گھنٹوں کی کہانی کو مکمل انداز میں پیش نہیں کرسکتا، جب ہم یہ فلم دیکھیں گے تو وقت بہت تیزی سے گزر جائے گا، جن فلموں کے ٹریلرز اچھے ہوتے ہیں کبھی کبھار وہ کامیاب ثابت نہیں ہوتیں، میں نے فلم 'بالو ماہی' کا ٹریلر دیکھا تھا اور یہ مجھے شاندار لگا، میں نے سوچا یہ فلم بولی وڈ کے سنجے لیلا بھنسالی کی فلموں جیسی ہوگی جو کہ ہماری انڈسٹری کے لیے اچھی بات ہے، لیکن پھر جب میں نے یہ فلم دیکھی تو مجھے یہی محسوس ہوا کہ اس کی کہانی بہتر انداز میں بتائی جاسکتی تھی، اس لیے مجھے 'چین آئے نہ' پر پورا بھروسہ ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: سید نور کی رومانوی فلم: شہروز اور سارش کاسٹ

اداکار کے مطابق 'میں جانتا ہوں لوگ مجھے فلموں میں دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے میں کسی بھی بیکار فلم میں کام نہیں کروں گا، جو لوگ میری اور سید نور کی فلم دیکھنا چاہتے ہیں ان کے لیے 'چین آئے نہ' کسی ٹریٹ سے کم نہیں ہوگی'۔

فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے شہروز سبزواری نے بتایا کہ 'میرا کردار ایک عام شخص کا ہے جس سے ہر کوئی خود کو جوڑ سکتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ’چین آئے نہ‘ ریلیز تاریخ تبدیل

خیال رہے کہ سید نور نے فلم کی ریلیز تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اسے رواں سال جولائی کے بجائے اگست میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس حوالے سے شہروز نے کہا کہ 'سید نور حال ہی میں پاکستان واپس آئے ہیں اور وہ فلم کا تکنیکی کام مکمل کررہے ہیں، جس کی وجہ سے ہم فلم کی تشہیر صحیح انداز میں نہیں کرپائیں گے، اس لیے تاریخ تبدیل کی گئی'۔

فلم 'چین آئے نہ' رواں سال 11 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں