کیا اینٹی بایوٹیکس کا کورس مکمل کرنا ضروری ہے؟

28 جولائ 2017
یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا— شٹر اسٹاک فوٹو

مریضوں کو اینٹی بایوٹیکس ادویات کا کورس مکمل نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے اینٹی مائیکروبیل (جراثیم کش) مزاحمت پیدا ہوتی ہے۔

یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

اس سے قبل عالمی ادارہ صحت کی جانب سے گائیڈ لائنز میں کہا گیا تھا کہ اینٹی بایوٹیکس کا کورس مکمل کرنا ضروری ہے تاکہ مرض کی کسی اور قسم کے ابھرنے سے بچا جاسکے۔

تاہم اب آکسفورڈ یونیورسٹی اور پبلک ہیلتھ انگلینڈ سمیت دیگر اداروں کے ماہرین کی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ مریض یہ ادویات اُس وقت تک ہی استعمال کریں جب تک وہ خود کو بہتر محسوس نہ کرنے لگیں اور اس کے زیادہ استعمال سے بچیں۔

تحقیق میں کہا گیا کہ اینٹی بایوٹیکس کا کورس لازمی مکمل کرنے کے حوالے سے ٹھوس شواہد نہیں ملے، لہذا اس پیغام کو ترک کردیا جانا چاہیے، بلکہ یہ لوگوں کو اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے بڑے خطرے سے دوچار کررہا ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ تاریخی طور پر اینٹی بایوٹیکس کورسز کے زیادہ استعمال کے حوالے سے زیادہ فکر نہیں کی گئی۔

ان کے بقول اینٹی بایوٹکس علاج کو جلد ترک کردینے سے ان ادویات کے خلاف جسم میں مزاحمت کا خیال شواہد سے ثابت نہیں ہوسکا بلکہ یہ معلوم ہوا ہے کہ زیادہ طویل عرصے تک ان ادویات کا استعمال مزاحمت کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

کئی دہائیوں سے کہا جارہا ہے کہ اینٹی بایوٹیکس کا کورس مکمل کیے بغیر چھوڑنا مرض کی خطرناک قسم کا باعث بن سکتا ہے اور وہ مرض خاندان کے دیگر افراد میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

مگر اب ماہرین نے زور دیا ہے کہ یہ ادویات جلد اور معدے میں ایسے خطرناک بیکٹریا کی نشوونما کا باعث بن سکتی ہیں جو بعد میں مسائل کا باعث بنتے ہیں اور طویل المعیاد بنیادوں پر یہ ادویات جسمانی دفاع کے لیے مزاحمت کا باعث بنتی ہیں۔

(اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئے)

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں