بروک لیسنر کی ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑنے کی دھمکی

01 اگست 2017
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

معروف ریسلر بروک لیسنر نے ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑنے کا مشروط ارادہ ظاہر کردیا۔

گزشتہ شب ڈبلیو ڈبلیو ای کے شو را میں اپنے منیجر پال ہے مین کے ساتھ بروک لیسنر رنگ میں آئے اور جنرل منیجر کرٹ اینگل کے سامنے پھٹ پڑے۔

شو کے دوران پال ہے مین نے کہا کہ جنرل منیجر کو بورڈآف ڈائریکٹرز کو جواب دینا ہوگا۔

مزید پڑھیں : بروک لیسنر سے جڑے 11 دلچسپ حقائق

انہوں نے کہا 'بروک لیسنر کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہورہا، را کو ہر حال میں اوپر رکھنے کے لیے بروک لیسنر کو زبردستی چار ریسلر کے مقابلے پر لانے کی قیمت چکاناہوگی، اگر رواں ماہ شیڈول ایونٹ سمر سلیم میںبروک لیسنر اپنی یونیورسل چیمپئن شپ سے محروم ہوئے تو وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ جائیں گے'۔

خیال رہے کہ 20 اگست کو شیڈول سمر سلیم میں بروک لیسنر فیٹل فور وے میچ میں سموا جوئی، رومن رینز اور براﺅن اسٹرومین سے مقابلہ کرکے اپنی چیمپئن شپ کادفاع کریں گے۔

بروک لیسنر کا ڈبلیو ڈبلیو ای سے معاہدہ اگلے سال ریسل مینیا کے بعد ختم ہورہا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ اس کے بعد وہ یو ایف سی میں واپس لوٹ سکتے ہیں، جہاں سے وہ گزشتہ سال ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد ریٹائرمنٹ بھی لے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بروک لیسنر کا منشیات کے عادی ہونے کا اعتراف

وہاں گزشتہ دنوں لائٹ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتنے والے جون جونز نے بروک لیسنر کو مقابلے کا چیلنج بھی دیا ہے، جس کے جواب میں ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر نے کہا ' نوجوان خواہش کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہئے'۔

اب ان کے منیجر کا کہنا ہے کہ اگر بروک لیسنر اپنے چیمپئن شپ ٹائٹل سے محروم ہوئے تو وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو خیرباد کہہ دیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں