اسلام آباد: پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں خصوصی شرکت کے لیے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ 2 روزہ سرکاری دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ کل بروز اتوار (13 اگست کو) اسلام آباد پہنچیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وانگ یانگ، چینی صدر شی جن پنگ کی ہدایت پر جذبہ خیرسگالی کے طور پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق چینی نائب وزیراعظم اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات میں خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ وہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات بھی کریں گے۔

مزید پڑھیں: ملک بھرمیں جشن آزادی کی تیاریاں جاری

چین کے نائب وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے جبکہ مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں 'یوم پاکستان' کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں بھی چین کی تینوں مسلح افواج کا قافلہ شامل ہوا تھا۔

گذشتہ ماہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد چین کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، چین

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے معمول کی پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ وزیراعظم کی نااہلی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، تاہم بطور برادر اور پڑوسی ملک ہونے کی حیثیت سے چین کو امید ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتیں اور طبقات ملکی مفاد کو ترجیح دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اب بھی ’ون بیلٹ ون روڈ‘ کا مشترکہ منصوبہ جاری رکھنے کا خواہاں ہے، جو دونوں ممالک سمیت خطے میں خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں