کوئٹہ: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ شہدا نے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے جانیں دیں، قوم قربانیوں کے اعتراف میں یوم آزادی بھرپور انداز میں منائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں آرمی چیف کے علاوہ گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزیر داخلہ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض سمیت دیگر سول اور اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کو مؤثر تعاون کرنا ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ امن کے حصول تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہدا نے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے جانیں دیں، قوم قربانیوں کے اعتراف میں یوم آزادی بھرپور انداز میں منائے۔

اس سے قبل آرمی چیف کو سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بلوچستان اور خصوصی طور پر کوئٹہ کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں وہ گذشتہ روز ہونے والے دہشت گردی حملے کے بعد شہر کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: پشین اسٹاپ کےقریب دھماکا، 15افراد جاں بحق

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مقامی ملٹری اور سول اسٹیبلشمنٹ سے ملاقاتیں کریں گے جس میں سیکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے پشین اسٹاپ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 8 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق خود کش حملے میں فوجی ٹرک کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں