کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی بھر میں رہائشی عمارتوں پر غیر قانونی پورشنز کو مسمار کرنے کے لیے بھرپور انداز میں کارروائی کا آغاز کردیا۔

یاد رہے کہ شہر میں رہائشی پلاٹوں پر گراؤنڈ سمیت 3 منزل سے زائد منزلیں بنانے پر پابند عائد ہے، یہ پابندی سپریم کورٹ کے 25 مئی کی ہدایات کی روشنی میں لگائی گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی پورشنز کو مسمار کرنے کی مہم کی اجازت ایس بی سی اے کے چیف کی جانب سے دی گئی، جنہوں نے 6 اگست کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے ماتحت عملے کو ہدایات جاری کیں تھی کہ ’پورشنز کی تعمیرات میں ملوث بلڈر مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے‘۔

ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس نے ڈان کو بتایا کہ ’بلڈر مافیا‘ کسی رہائشی عمارت پر مکان بنانے کے لیے معمول کے مطابق بلڈنگ پلان کو منظور کرنے کا عام طریقہ کار استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن، وہ مذکورہ رہائشی پلاٹ پر 4 سے 10 مختلف پورشنز بنا کر غیر قانونی طور پر انہیں بیج دیتے ہیں اور منظور شدہ بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے کچھ روز قبل مسمار کرنے کی مہم کا آغاز کیا تھا اور اب تک کراچی کے مختلف علاقوں میں 60 غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جاچکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد، ناظم آباد، پی ای سی ایچ ایس اور جمشید ٹاؤن ان علاقوں میں شامل ہیں، جہاں کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ غیر قانونی پورشنز کی تعمیرات پر بلڈرز کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ مہم شہر میں موجود آخری غیر قانونی پورشن کی موجودگی تک جاری رہے گی۔

ایس بی سی اے چیف کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی ایجنسیز، جن میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس کمپنی وغیرہ شامل ہیں، کو ایک رہائشی پلاٹ پر ایک سے زائد کنکشن فراہم نہ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

سوک ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ایس بی سی اے کی جانب سے مذکورہ عمارت کے لیے تکمیل کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

آغا مقصود عباس کا کہنا تھا کہ اسی طرح سب رجسٹرار کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کے لیے سب لیز جاری نہ کریں۔

ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کا کہنا تھا کہ ادارے کی ٹیم نے منگل کے روز لیاری ٹاؤن، آگرہ تاج کالونی، صدر ٹاؤن، گلشن فیصل، جمشید ٹاؤن، گارڈن ایسٹ، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا کے علاقوں میں قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا۔


یہ رپورٹ 16 اگست 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں