پاکستان سمیت دنیا بھر میں باکنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کے کروڑوں شائقین کو 26 اگست کا بے صبری سے انتظار ہے، کیوں کہ اس دن ایک منفرد فائٹ ہونے جا رہی ہے۔

فائٹنگ کے حوالے سے منفرد حیثیت رکھنے والے امریکی شہر لاس ویگاس میں 26 اگست 2017 کو باکسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ فلوئیڈ مے ویدر، مکسڈ مارشل آرٹس کے بادشاہ کونر میک گریگر سے لڑنے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس میں تھوڑا ہی فرق ہے، لیکن اگر پروفیشنل فائٹنگ کی بات کی جائے تو ان میں کئی چھوٹی چھوٹی تکنیکی تبدیلیاں ہوتی ہیں، جو انہیں منفرد بناتی ہیں، باکسنگ میں زیادہ تر بازو اور صرف ہاتھوں کا استعمال ہوتا ہے، جب کہ مکسڈ مارشل آرٹس میں بازو اور ہاتھوں سمیت ٹانگوں کا بھی استعمال ہوتا ہے۔

اس فائٹ کو باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس کی سب سے بڑی، مہنگی اور منفرد فائٹ کہا جا رہا ہے، اور لوگ اس کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، کیوں کہ یہ 2 مختلف قسم کے فائٹ لڑنے والے بادشاہوں کے درمیان ہوگی۔

اس فائٹ کا باقاعدہ اعلان رواں برس جون میں الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپیئن شپ (یو ایف سی) کے صدر ڈانا وائٹ نے کیا، لیکن اس فائٹ کی خواہش سب سے پہلے مکسڈ مارشل آرٹس کے بادشاہ کونر میک گریگر نے دسمبر 2016 میں اپنی ایک میچ جیتنے کے بعد کی تھی، اس میچ میں وہ اپنے حریف کو شکست دینے کے بعد باکسنگ کے بادشاہ فلوئیڈ مے ویدر کے خلاف باتیں کر بیٹھے تھے۔

کونر میک گریگر کی ان ہی باتوں پر شائقین میں بحث چھڑ گئی، اور سوشل میڈیا پر باکسنگ اور مکسڈ مارشل آرٹس کے بادشاہوں کے درمیان فائٹنگ کی باتیں ہونے لگیں، جس پر بلآخر فلوئیڈ مے ویدر نے بھی خاموشی توڑ دی، اور فائٹ کے لیے رضامند ہوگئے۔

یہ بھی پڑھینں: مزدوری سے کومبیٹ اسپورٹس کا بادشاہ بننے تک کا سفر

دونوں کی رضامندی کے بعد یو ایف سی کے صدر ڈانا وائٹ نے جون میں اعلان کیا کہ کونر میک گرے اور فلوئیڈ مے ویدر 26 اگست 2017 کو لاس ویگاس کی رنگ میں باکسنگ فائٹ کریں گے۔

کونر میک گریگر مکسڈ مارشل آرٹس کے ماہر ہیں—فائل فوٹو
کونر میک گریگر مکسڈ مارشل آرٹس کے ماہر ہیں—فائل فوٹو

لیکن مسئلہ یہ ہے کہ کونر میک گریگر پروفیشنل باکسر نہیں، اور یہ فائٹ تکنیکی لحاظ سے باکسنگ کے طور پر لڑی جانی ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ میک گریگر مکسڈ مارشل آرٹ کے بڑے فائٹر ہیں، اور انہوں نے ایک مقابلے میں اپنے حریف کو محض 13 سیکنڈ میں چت کردیا تھا، مگر انہوں نے آج تک پروفیشنل باکسنگ کی فائٹ نہیں کی، اور وہ اپنی پہلی ہی فائٹ باکسنگ کے بادشاہ سے لڑنے جا رہے ہیں۔

باکسنگ کے کئی فائٹر کونر میک گریگر کی اس فائٹ کو زندگی کی پہلی اور آخری فائٹ کے طور پر دیکھ رہے ہیں، کیوں کہ ان کا خیال ہے کہ فلوئیڈ مے ویدر جنہوں نے بڑے بڑے باکسرز کو چت کیا، ان کے آگے مکسڈ مارشل آرٹ کا فائٹر کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔

ادھر کونر میک گریگر اس بات پر بضد ہیں کہ وہ یہ فائٹ جیتیں گے۔

خیال رہے کہ کونر میک گریگر نے آج تک 11 الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپین شپ (یو ایف سی) میں نہ صرف جیت حاصل کی، بلکہ اس میں کئی ریکارڈ بھی بنائے۔

مزید پڑھیں: مے ویدر مجھ سے بچ رہے ہیں

واضح رہے کہ یو ایف سی میں مکسڈ مارشل آرٹس کی فائٹنگ مختلف طریقوں سے لڑی جاتی ہے، اور ایک کھلاڑی ایک سے زائد طرح کے فائٹر سے لڑتا ہے، جن میں باکسنگ، ریسلنگ، کراٹے، جوڈو، سامبو، برازیلین جوئی جسٹو اور موئے تھائی کی فائٹنگ شامل ہیں، یہ چیمپیئن شپ کرکٹ یا فٹ بال لیگ کی طرح ہوتی ہے۔

فلوئیڈ مے ویدر زیادہ تر باکسنگ فائٹ جیت چکے ہیں—فائل فوٹو
فلوئیڈ مے ویدر زیادہ تر باکسنگ فائٹ جیت چکے ہیں—فائل فوٹو

میک گریگر نے مکسڈ مارشل آرٹس کی کم سے کم 26 پروفیشنل فائٹنگ لڑیں، جن میں سے بیشتر انہوں نے جیتیں، اور ان میں متعدد ریکارڈ بھی بنائے۔

کونر میک گریگر یورپی ملک آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں 14 جولائی 1988 کو پیدا ہوئے، اور انہوں نے محض 12 برس کی عمر میں مکسڈ مارشل آرٹ لڑنا سیکھا، 2007 میں ایک فائٹ جیتنے کے بعد انہوں نے اس کو بطور پروفیشن اختیار کرلیا۔

میک گریگر نے 2008 سے مکسڈ مارشل آرٹ کی پروفیشنل فائٹ لڑنا شروع کیں، اور مختصر ہی عرصے میں اس کے بادشاہ بن گئے۔

میک گریگر کا مقابلہ جس باکسنگ فائٹر سے ہوگا، وہ امریکا میں مشی گن میں 1977 میں پیدا ہوئے، انہوں نے اب تک 49 باکسنگ فائٹ لڑیں، جن میں سے بیشتر انہوں نے جیتیں۔

یہ بھی پڑھیں: مے ویدر کی آخری فائٹ

فلوئیڈ مے ویدر نے فائٹنگ آف دی سینچری (صدی کی سب سے بڑی فائٹ) بھی جیتی تھی، جو انہوں نے 2015 میں فلپائن کے مینی پیکائو سے لڑی۔

انہوں نے 2015 کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھیں، تاہم انہوں نے بعد ازاں یہ اعلان واپس لیا، اور اب 50 ویں فائٹ 26 اگست کو میک گریگر سے لڑنے جا رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں