اسلام آباد: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ فلائیڈ مے ویدر رنگ میں ان کا سامنا کرنے سے بچنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔

عامر کا ماننا ہے کہ تاریخ مے ویدر کو ’عظیم فائٹر‘ کے طور پر یاد نہیں رکھے گی۔

حال ہی میں مے ویدر نے عامر سے مقابلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پہلے عامر ڈینی گارسیا سے 2012میں اپنی شکست کا بدلہ لیں پھر مجھ سے مقابلے کا سوچیں‘۔

گاریسا سے شکست کھانے کے بعد عامر نے پانچ میچ کھیلے اور انہیں کسی میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

عامر نے سکائی سپورٹس سے گفتگو میں کہا ’مے ویدر میرے سامنے ہر طرح کی رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ میں ان کیلئے ایک بڑا خطرہ ہوں‘۔

’آپ میرے پچھلے کچھ حریفوں کو دیکھیں اور پھر دیکھیں کہ مے ویدر کس سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے برٹو جیسے باکسر سے میچ رکھا۔ میں برٹو کی توہین نہیں کر رہا، وہ میرے دوست ہیں لیکن باکسنگ میں مقابلوں کے درجے ہوتے ہیں‘۔

’میرے خیال میں مے ویدر بچگانہ حرکتیں کر رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ میں ان کا سخت حریف ثابت ہوں گا لہذا وہ مجھ سے بچ رہے ہیں‘۔

عامر نے مزید کہا: مے ویدر ایک بڑے چیمپئن تو ہیں لیکن تاریخ میں انہیں ایک بڑے فائٹر کے طور پر یاد نہیں رکھا جائے گا کیونکہ وہ ٹاپ باکسرز سے مقابلہ نہیں کر رہے ۔

’وہ اپنے سخت حریفوں کے بوڑھے ہونے کے منتظر ہیں تاکہ وہ سخت مقابلوں سے بچ سکیں۔ وہ بہت سوچ سمجھ کر اپنے حریف چن رہے ہیں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں