فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں دو مختلف واقعات میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بیوی کے ہاتھوں شوہر اور گھریلو جھگڑے کے دوران باپ کے ہاتھوں ڈھائی سالہ بیٹی قتل ہوگئی۔

پہلا واقعہ فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنے شوہر کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل اور ان کے ساتھ موجود خاتون کو زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ مہر ٹاؤن میں واقع ایک مکان میں پیش آیا، جہاں 35 سالہ خاتون رقیہ نے دوسری خاتون سے تعلقات رکھنے کے شبہ میں اپنے شوہر 40 سالہ غلام قمر کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ملزمہ کے شوہر کے ہمراہ مکان میں موجود خاتون بھی کلہاڑی کے وار سے زخمی ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: جہلم میں 'غیرت کے نام پر' چار افراد قتل

واقعے کے بعد پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا جنہوں نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کے مطابق خاتون نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کسی اور خاتون سے تعلقات پر اپنے شوہر کو قتل کیا جو اُن سے ملنے ان کے مکان میں آئی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ سے تفتیش جاری ہے تاہم اس رپورٹ کے شائع ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔

باپ کے ہاتھوں ڈھائی سالہ بیٹی قتل

فیصل آباد میں ہی پیش آنے والے قتل کے دوسرے واقعے میں باپ نے گھریلو جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے اپنی ڈھائی سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ستیانہ کے علاقے میں واقع اپنے گھر میں عبدالرزاق نامی شخص نے گھریلو جھگڑے کے دوران اہلیہ اور بچوں پر چاقو سے حملہ کردیا جس کی زد میں آکر ڈھائی سالہ نور فاطمہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں 'غیرت کے نام پر' جوڑے کا قتل

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملزم کی اہلیہ نازیہ اور 12 سالہ بیٹا علی حمزہ زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے ستیانہ کے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے فوری بعد پولیس نے ملزم عبدالرزاق کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں