گوگل معروف اسمارٹ فون کمپنی ایچ ٹی سی کو خریدنے والا ہے اور تائیوانی کمپنی نے ا س سے قبل اپنے حصص کی خریدوفروخت ' اہم اعلان' سے قبل معطل کردی ہے جو کہ جمعرات کو کیا جائے گا۔

تائیوانی میڈیا اور بلومبرگ نے مختلف رپورٹس میں بتایا ہے کہ ایچ ٹی سی نے اہم اعلان سے قبل اپنے حصص کی خریداری کو معطل کردیا ہے۔

اس سے قبل یہ افواہیں سامنے آئی تھیں کہ گوگل اس معروف اسمارٹ فون تیار کرنے والی کمپنی کو خریدنے والا ہے جسے حالیہ مہینوں میں اپنی ڈیوائسز کی فروخت میں جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مزید پڑھیں : ایچ ٹی سی موبائل کی جانب غلطی کا اعتراف

گزشتہ ماہ یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ایچ ٹی سی کو اسمارٹ فون ڈویژن میں مالی نقصانات کا سامنا ہوا تھا جس کی وجہ فونز کی فروخت میں کمی تھی۔

تائیوانی میڈیا کے مطابق ایچ ٹی سی کے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ ڈویژن گوگل کو فروخت کیا جائے گا اور کمپنی کا ورچوئل ہیڈ سیٹ تیار کرنے والا ڈویژن اس کا حصہ نہیں ہوگا۔

گوگل کے لیے ایچ ٹی سی کو خریدنا فائدہ مند ہی ثابت ہوگا جو کہ جدید اسمارٹ فونز کی تیاری میں مہارت رکھتی ہے، خاص طور پر گوگل پکسل اسی کمپنی نے تیار کیا تھا۔

برسوں سے ایپل کو اسمارٹ فونز کی دنیا پر اپنے آئی فون کی بدولت بالادستی حاصل رہی اور اب گوگل اس تائیوانی کمپنی کے ذریعے براہ راست ایپل کے مقابلے پر آنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلیک بیری فونز کا دور ختم ہوگیا

گوگل نے گزشتہ سال ہی اپنا پہلا اسمارٹ فون پکسل اور پکسل ایکس ایل متعارف کرایا تھا اور اب وہ ہارڈوئیر اور سافٹ وئیر دونوں شعبوں کو اپنے ہاتھ میں کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے اگلے ماہ پکسل اور پکسل ایکس ایل کے نئے ورژن کو متعارف کرایا جارہا ہے، جن میں سے ایک فون کو ایچ ٹی سی تیار کررہی ہے۔

گوگل اس سے پہلے 2011 میں موٹرولا کمپنی کو خرید چکا ہے مگر پھر اسے لیناوﺅ کو فروخت کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں