پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مقامی کوچ مارک کولز کو ویمن کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ویمن کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کی تصدیق کی اور بتایا کہ مارک کولز کے لیے ویمن کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ پہلا اسائنمنٹ ہوگا۔

مارک کولز ویمن کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ صبیح اظہر کی جگہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے تاہم پی سی بی اور مارک کولز کے درمیان معاہدے کی تفصیلات اب تک موصول نہیں ہوئیں۔

نیوزی لینڈ کی مقامی ویب سائٹ کے مطابق مارک کولز نیوزی لینڈ میں ڈومیسٹک ٹیم کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے تاہم اب وہ بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کے خواہش مند ہیں۔

مزید پڑھیں: ثنا میر پاکستانی ٹیم کی شکست کی ذمہ دار کیوں نہیں ہیں

مارک کولز نے پاکستان ٹیم کی انگلینڈ میں ہونے والے ویمن ورلڈ کپ 2017 میں کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا پاکستان ٹیم میں کچھ چیزیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دکھائی لیکن جیسے ہی ان کے پاس موقع آیا تو انہوں نے اسے گنوا دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ویمن ٹیم اپنی کارکردگی کو بہتر کر رہی ہے تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ اس ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے۔

آئندہ ماہ دبئی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی موجودہ کھلاڑیوں میں کئی کھلاڑیوں کی مہارت سے وہ بخوبی واقف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا میر 100 وکٹیں لینے والی پہلی پاکستانی ویمن کرکٹر

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے رواں برس جون میں ہونے والے آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2017 میں مایوس کن پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا جہاں اسے گروپ مقابلوں میں تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ ویمن ورلڈ کپ کے اختتام پر ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ورلڈ کپ میں ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی تھی جس میں کپتان ثنا میر کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیم کی کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے درمیان موجود تنازعات کو ٹیم کی شکست کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

بعد ازاں ثنا میر نے موجودہ ٹیم انتظامیہ کی موجودگی میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں