مائیکرو سافٹ نے ونڈوز فونز کی موت کا اعتراف کرلیا

09 اکتوبر 2017
— فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
— فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

مائیکرو سافٹ نے پہلے ونڈوز 8.1 موبائل آپریٹنگ سسٹم کے لیے سپورٹ ختم کی اور اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ونڈوز 10 موبائل کے کوئی نیا فیچر یا ہارڈ وئیر تیار نہیں کررہی۔

اس طرح مائیکرو سافٹ نے اپنی کمپنی کے اس موبائل آپریٹنگ سسٹم کے خاتمے کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔

مائیکرو سافٹ کے ونڈوز سسٹم کا شعبہ سنبھالنے والے جوئی بیلفیوری نے ٹوئٹر پر انکشاف کیا کہ اب ان کی کمپنی ونڈوز 10 موبائل آپریٹنگ سسٹم کے لیے کچھ بھی نیا نہیں کرے گی۔

مزید پڑھیں : ونڈوز فونز کا عہد آج سے ختم

انہوں نے کہا کہ یقیناً ہم پلیٹ فارم کی سپورٹ جاری رکھیں گے مگر نئے فیچرز اور ہارڈ وئیر اب ہماری توجہ کا مرکز نہیں۔

آسان الفاظ میں اب یہ کمپنی مزید موبائل تجربات نہیں کرے گی اور اس آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنے والوں کے لیے بہتر ہے کہ وہ اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ڈیوائسز کا انتخاب کرلیں۔

مائیکرو سافٹ کے ونڈوز فون پلیٹ فارم کی موت کو ایک سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے مگر کمپنی نے باضابطہ پر پہلے اسے کبھی تسلیم نہیں کیا۔

مائیکرو سافٹ نے گزشتہ سال اپنی ملکیت میں موجود نوکیا موبائل کا بزنس بھی ایچ ایم ڈی گلوبل کو فروخت کردیا تھا۔

اب کمپنی کی توجہ کلاﺅڈ بزنس میں آگے بڑھنے پر مرکوز ہے۔

اس سے پہلے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے تسلیم کیا تھا کہ وہ اب ونڈوز فون کی بجائے اینڈرائیڈ ڈیوائس استعمال کررہے ہیں اور اب جوئی بیلفیوری نے بھی یہ اعتراف کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بل گیٹس نے کی ونڈوز فون کے خاتمے کی تصدیق

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ونڈوز فون سے توجہ اس لیے ہٹائی ہے کیونکہ ڈویلپرز نے کبھی اس پلیٹ فارم کی پشت پناہی نہیں کی اور اپلیکشنز کے حوالے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

مائیکرو سافٹ نے گزشتہ سال اپنا فون بزنس فروخت کرنے کے بعد سب آئی او یاس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو بہتر بنانے کے لیے اپنی اپلیکشنز متعارف کرائی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں