ونڈوز فونز کا عہد آج سے ختم

11 جولائ 2017
— فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
— فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

مائیکرو سافٹ نے ونڈوز فون 8.1 کے لیے سپورٹ ختم کردی اور اس طرح ونڈوز فون کا عہد بھی اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

تین سال قبل مائیکروسافٹ نے یہ اپ ڈیٹ متعارف کرائی تھی اور اب بھی لاکھوں ڈیوائسز اس آپریٹنگ سسٹم پر چل رہی ہیں۔

مائیکروسافٹ کے اسی فیصد فونز پر ونڈوز فون سیون، ونڈوز فون ایٹ یا 8.1 آپریٹنگ سسٹم ہے اور اب ان صارفین کو کمپنی کی جانب سے سپورٹ فراہم نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں : مائیکرو سافٹ کا نیا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم متعارف

ونڈوز 8.1 کو مائیکروسافٹ کے ونڈوز فون ایٹ آپریٹنگ سسٹم کی بڑی اپ ڈیٹ قرار دیا گیا تھا جس میں کورٹانا ڈیجیٹل اسسٹنٹ بھی شامل تھا، جبکہ نیا نوٹیفکیشن سینٹر، یوآئی چینجز اور دیگر اپ ڈیٹس کی گئی تھیں۔

اس کے ذریعے مائیکروسافٹ نے اسمارٹ فون میں ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے لیے سب سے بڑی کوشش کی تھی مگر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور اس وقت دنیا بھر میں 99.6 فیصد فونز پر اینڈرائیڈ یا آئی او ایس ہے۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اب صرف ونڈوز 10 موبائل کو سپورٹ فراہم کی جائے گی مگر یہ واضح نہیں کہ مستقبل قریب میں بھی برقرار رہے گی یا نہیں۔

مائیکروسافٹ نے باضابطہ طور پر تو اپنے فون آپریٹنگ سسٹم کو ختم کرنے کے ارادے کا اظہار نہیں کیا گیا مگر گزشتہ سال سے یہ نظر آرہا ہے کہ کمپنی کی توجہ اب اس جانب مرکوز نہیں۔

مائیکروسافٹ نے گزشتہ سال اپنا فون بزنس فروخت کردیا تھا بلکہ اب وہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو بہتر بناتی ہوئی نظر آتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں