عامر خان ’دنگل‘ کے کردار سے خوفزدہ کیوں تھے؟

13 اکتوبر 2017
فلم ’دنگل‘ کی کہانی مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر مبنی ہے  —۔ فائل فوٹو
فلم ’دنگل‘ کی کہانی مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر مبنی ہے —۔ فائل فوٹو

بولی وڈ سپر اسٹار عامر خان کی فلم ’دنگل‘ نے باکس آفس پر اتنا شاندار بزنس کیا ہے کہ مداح تو کیا بولی وڈ کا ہر اداکار حیران رہ گیا، تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ عامر خان اس فلم میں ایک 55 سالہ پہلوان کا کردار ادا کرنے سے خوفزدہ تھے؟

فلم ’دنگل‘ کی کہانی مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر مبنی ہے جنہوں نے اپنی بیٹیوں کو پہلوانی سکھائی تاکہ وہ ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل لاسکیں۔

اس فلم میں 52 سالہ عامر خان نے لگ بھگ اپنی عمر کے شخص کا ہی کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عامر کی ’دنگل‘ بااختیار خواتین کی کہانی

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق عامر خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ اس کردار کی آفر قبول کرنے پر کافی خوفزدہ تھے، جس کی وجہ یہ تھی کہ کہیں وہ اس بوڑھے کردار کے باعث اپنا اسٹارڈم کھو نہ دیں۔

واضح رہے کہ بولی وڈ میں جہاں اداکاراؤں کا کیریئر جلد اختتام پذیر ہوجاتا ہے، وہیں اداکار بڑی عمر میں بھی ہیرو کے کردار ادا کررہے ہیں اور اپنی فلموں میں کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ نظر آتے ہیں۔

عامر خان کا ’دنگل‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے کہنا تھا، ’جب میں نے 'دنگل' کی کہانی سنی تو مجھے لگا کہ یہ فلم مجھے کرنی چاہیے، لیکن پھر احساس ہوا کہ میں نے حال ہی میں 'پی کے' اور 'دھوم 3' جیسی فلموں میں کام کیا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: دنگل کے لیے عامر خان کے بدلنے کا حیرت انگیز کارنامہ

ان فلموں میں عامر خان نہایت جوان اور فٹ نظر آئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا، ’میں نے سوچا مجھے 'دنگل' میں کام کرنا چاہیے، لیکن میں بوڑھا اور موٹا نظر آؤں گا تو میرے مداح کیا سوچیں گے؟‘

عامر کے مطابق ’دنگل‘ کا کردار ادا کرنا ان کے لیے ایک رسک تھا، کیوں کہ وہ اسے ایسے نبھانا چاہتے تھے جیسے یہی حقیقت ہو۔

خیال رہے کہ اس فلم کے لیے عامر خان نے 95 کلو وزن بڑھایا تھا اور بعدازاں 70 کلو وزن کم بھی کیا تھا۔

مزید پڑھیں: 'دنگل' نے باکس آفس پر کتنے ریکارڈ توڑے؟

عامر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم کے ہدایت کار سے کہا تھا کہ وہ اس پر 10 سال بعد کام کریں گے، تاہم انہیں کہانی اتنی پسند آئی کہ انہوں نے اس پر کام کا فیصلہ کرلیا۔

واضح رہے کہ فلم ’دنگل‘ کو ریلیز کے بعد دنیا بھر میں خوب پسند کیا گیا، فلم نے متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کروائے جن میں بہترین اداکار اور ہدایت کار کے ایوارڈز شامل ہیں۔

اس فلم کی ہدایات نتیش تیواری نے دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سیکریٹ سُپراسٹار، دنگل سے بڑی فلم ہوگی‘

عامر خان اس وقت اپنی فلم ’سیکریٹ سُپراسٹار‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور ان کے مطابق یہ فلم ’دنگل‘ سے بھی زیادہ بڑی ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ عامر اپنی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ پر بھی کام کررہے ہیں۔

فلم ’سیکریٹ سُپراسٹار‘ رواں ماہ 19 تاریخ کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی، جبکہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ریلیز تاریخ اب تک سامنے نہیں آئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں