پاک فوج کے مشاق طیارے کی کریش لینڈنگ، 3 افسران زخمی

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2017
مشاق طیارے نے وانا اسٹیڈیم کے قریب کریش لینڈنگ کی—۔فوٹو/ علی اکبر
مشاق طیارے نے وانا اسٹیڈیم کے قریب کریش لینڈنگ کی—۔فوٹو/ علی اکبر

پشاور: وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی ایجنسی جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا سے کوہاٹ جانے والے پاک فوج کے مشاق طیارے کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 3 فوجی افسران زخمی ہوگئے۔

حادثے کا شکار ہونے والا مشاق طیارہ—۔فوٹو/ علی اکبر
حادثے کا شکار ہونے والا مشاق طیارہ—۔فوٹو/ علی اکبر

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا ایئرپورٹ سے اڑان بھرتے ہی مشاق طیارے میں فی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث طیارے نے وانا اسٹیڈیم کے قریب کریش لینڈنگ کی۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں پائلٹ میجر شاہد، لیفٹننٹ کرنل مراد اور میجر ناصر ترین شامل ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

رواں برس اپریل میں بھی پشاور کے نواح میں پاک فوج کے مشاق طیارے نے کریش لینڈنگ کی تھی، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: پشاور: پاک فوج کے مشاق طیارے کی کریش لینڈنگ

اس سے قبل اپریل 2014 میں بھی پاک فوج کے مشاق تربیتی طیارے کو گجرانوالہ میں حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ جاں بحق ہوگئے تھے۔

جبکہ جولائی 2013 میں بھی صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں ایئرکریش کا ایک پراسرار واقعہ رونما ہوا تھا، جب ابتدائی طور پر ڈی پی او نوشہرہ نے کہا تھا کہ معمول کی پرواز پر مامور ایک مشاق تربیتی طیارہ گرکر تباہ ہوا، جس کا نصف حصہ دریائے سندھ سے برآمد کرلیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:نوشہرہ میں مشاق طیارے کا پراسرار حادثہ

تاہم پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیا وسیم خان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی اے ایف کا کوئی طیارہ تباہ نہیں ہوا اور فضائی بیڑے میں طیاروں کی تعداد مکمل تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں