ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں ٹائٹل فیورٹ بھارت نے پاکستان کو 3-1 سے شکست دے کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

ڈھکا میں جاری ایشیا کپ کے گروپ اے میں مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل آئے جہاں میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ہی ٹیمیں گول اسکور کرنے میں ناکام رہیں۔

میچ کے دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی بھارت نے چنگلینسانا کے گول کی بدولت اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو دوسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں رضوان سینئر اور ابو محمود کو پیلا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا اور قومی ٹیم کچھ وقت کیلئے نو کھلاڑیوں سے کھیلنے پر مجبور ہو گئی۔

بھارت نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل ہرمن پریت سنگھ نے یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 3-0 کی برتری دلا کر پاکستان کی میچ میں واپسی کی تمام تر امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

چوتھے کوارٹر میں میچ کے 48ویں منٹ میں علی شان نے گول کر کے پاکستان کا کھاتا کھول کر بھارت کی برتری کم کردی جبکہ تین منٹ بعد ہی ٹیم کو پینالٹی کارنر پر ایک اور گول کرنے کا موقع میسر آیا لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔

جب میچ کے اختتام کا اعلان کیا گیا تو اسکور بورڈ پر 3-1 کا اسکور بھارت کی میچ میں فتح کا اعلان کر رہا تھا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی گروپ میں تینوں میں جیت کر بھارتی ٹیم پہلے نمبر پر رہی جس نے اس سے قبل جاپان اور بنگلہ دیش کو بھی شکست سے دوچار کیا تھا۔

گرین شرٹس نے بھارت کے ہاتھوں شکست کے باوجود بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سپر فور راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

تبصرے (0) بند ہیں