کراچی کے علاقے بہادر آباد میں منی بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے بس کرایے پر ہونے والے معمولی تنازع کے دوران تشدد کرکے مسافر کو ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقتول کی شناخت 30 سالہ عبدالرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے جس کا بہادر آباد میں روٹ ایکس 23 کی بس کے کنڈیکٹر عمر خان کے ساتھ کرایے پر معمولی تنازع ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ تنازع کے دوران بس کے ڈرائیور نے مداخلت کی اور اس کے بعد تنازع شدت اختیار کرگیا اور ملزمان نے عبدالرحمٰن پر تشدد کیا۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے میں بس کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔

سائٹ بی تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر قمر زیب ستی کا کہنا تھا کہ ’عبدالرحمٰن کو سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ متعدد مرتبہ کسی دھاتی آلے سے اس کے سر کو نشانہ بنایا گیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’تنازع کے بعد عبدالرحمٰن بہوش ہوگیا جبکہ بس کا ڈرائیور عمر خان زخمی ہوگیا، اس موقع پر ڈرائیور نے شور مچا دیا اور مسافروں کو گاڑی سے اتر جانے کو کہا تا کہ وہ انہیں ہسپتال منتقل کرسکے، بعد ازاں ڈرائیور نے بس کے ذریعے زخمیوں کو میٹرول میں منتقل کیا اور وہاں سے انہیں ایک خیراتی ادارے کی ایمبولنس میں منتقل کردیا گیا‘۔

اس ایچ او کا کہا تھا کہ ڈرائیور پریشان تھا اور اس لیے اس نے زخمیوں کو خود ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے انہیں ایمبولنس کا استعمال کیا۔

مذکورہ خیراتی ادارے کے اہلکاروں نے مقامی پولیس کو زخمیوں کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے بس ڈرائیور کو گرفتار کیا جبکہ ہسپتال کی جانب سے طبی امداد دیئے جانے کے بعد پولیس نے کنڈیکٹر کو بھی گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقتول ایک نجی سیکیورٹی کمپنی سے منسلک تھا۔


یہ رپورٹ 18 اکتوبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں