پاکستان کو ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار ملائیشیا کے ہاتھوں شکست

19 اکتوبر 2017
پاکستان اور ملائیشیا کے کھلاڑیوں کے درمیان گیند کے حصول کیلئے جنگ جاری ہے— تصویر بشکریہ ایشیا ہاکی۔
پاکستان اور ملائیشیا کے کھلاڑیوں کے درمیان گیند کے حصول کیلئے جنگ جاری ہے— تصویر بشکریہ ایشیا ہاکی۔

ڈھاکا: دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کا پاکستان نے مایوس کن انداز میں آغاز کیا ہے اور ملائیشیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 گولز سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش میں جاری ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے ملائیشیا کا ساتھ دیا اور اس نے گرین شرٹس کو 2 کے مقابلے میں 3 گولز سے ہرا کر کامیابی سمیٹی۔

میچ کے پہلے ہی منٹ میں پاکستان کے عمر بھٹہ نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی تاہم 10ویں منٹ میں ملائیشیا کے رضی رحیم نے پینالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔

19ویں منٹ میں پاکستان کے محمد یعقوب نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 2-1 گولز کر دیا تاہم پاکستان کی یہ برتری بھی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور چھ منٹ بعد ہی ملائیشیا کے شاہریل صباح نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

میچ کے 34ویں منٹ میں ملائیشیا کے فطری ساری نے گول کر کے ٹیم کو 3-2 گولز کی برتری دلائی اور پاکستانی ٹیم انتہائی کوشش کے باوجود بھی میچ کے اختتام تک ہی برتری ختم کرنے میں ناکام رہی اور اس طرح ملائیشین ٹیم 3-2 گولز سے فتح یاب رہی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی ملائیشیا نے ایشیا کپ کی تاریخ میں پاکستان کو پہلی مرتبہ شکست دینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ادھر سپر فور مرحلے کے ایک اور میچ میں بھارت اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔

ایونٹ میں کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں فیورٹ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم سرتوڑ کوشش کے باوجود دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول کرنے میں ناکام رہیں۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم تیسرے کوارٹر میں جنگ جون لی نے گول کر کے کوریا کو بھارت کے خلاف برتری دلائی تاہم بھارت کے گرجانت سنگھ نے میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل شاندار فیلڈ گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر کے کوریا کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں