اعصام اور جولین کو اسٹام ہوم اوپن کے فائنل میں شکست

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2017
اسٹاک ہوم اوپن کے فاتح اولیور مارچ اور میٹ پیوچ ٹرافی کے ہمراہ— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
اسٹاک ہوم اوپن کے فاتح اولیور مارچ اور میٹ پیوچ ٹرافی کے ہمراہ— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے ساتھی جین جولین راجرز کو اسٹاک ہوم ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست ہوگئی اور پاکستانی اسٹار رواں سال چھٹا ایونٹ جیتنے سے محروم ہو گئے۔

سوئیڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں جاری ایونٹ کے مینز ڈبل کے فائنل میں اعصام اور ان کے ڈچ پارٹنر جولین کا آسٹریا کے اولیور مارچ اور کروشیا کے میٹ پیوچ پر مشتمل جوڑی سے مقابلہ ہوا۔

اعصام اور ان کے پارٹنر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 6-3 سے جیت کر برتری حاصل کی اور اگلے سیٹ میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا لیکن ٹائی بریکر پر 7-6 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

تیسرے سیٹ میں اعصام اور جولین زیادہ اچھا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے اور انہیں 10-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے ساتھ ہی اولیور اور میٹ نے اسٹاک ہوم کا ایونٹ اپنے نام کر لیا۔

یاد رہے کہ پورے ایونٹ میں اعصام اور جولین نے شاندار کھیل پیش کیا اور ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔

دونوں کھلاڑیوں نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں سربیا کے نیناد زیمنوچ اور امریکا کے جیک سوک کو سخت مقابلے کے بعد 6-7، 6-4 اور 10-6 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

تبصرے (0) بند ہیں