سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا کے 2 بڑے نشریاتی اداروں ’سی این این‘ اور ’این بی سی‘ کے بعد اب اسپورٹس نشریاتی ادارے ’ای ایس پی این‘ نے بھی اس پر نیوز شو نشر کرنے کا آغاز کردیا۔

خیال رہے کہ اسنیپ چیٹ پر سب سے پہلے امریکی نشریاتی ادارے ’نیشنل براڈ کاسٹنگ کمپنی‘ (این بی سی) نے رواں برس جولائی سے پہلا نیوز شو نشر کرنے کا آغاز کیا تھا۔

این بی سی کی دیکھا دیکھی امریکا کے ہی عالمی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے بھی اسنیپ چیٹ کے لیے رواں برس اگست میں ایک نیوز شو نشر کرنے کا آغاز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: این بی سی کا اسنیپ چیٹ کے لیے خصوصی شو
کیٹی نولن نے حال ہی میں اسپورٹس ادارے کو جوائن کیا ہے—فائل فوٹو: سی این بی سی
کیٹی نولن نے حال ہی میں اسپورٹس ادارے کو جوائن کیا ہے—فائل فوٹو: سی این بی سی

سی این این اور این بی سی کے بعد اب امریکا کے ہی ملٹی نیشنل اسپورٹس نشریاتی ادارے ’ای ایس پی این‘ نے بھی رواں ماہ 13 نومبر سے اسنیپ چیٹ کے لیے اسپورٹس نیوز شو نشر کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔

ای ایس پی این کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسپورٹس ادارہ اسنیپ چیٹ پر ہفتے کے ساتوں دن خصوصی اسپورٹس نیوز شوز نشر کرے گا۔

اسنیپ چیٹ پر نشر کیے جانے والے اسپورٹس نیوز شو 5 سے 8 منٹ کے مختصر دورانیے پر مبنی ہوں گے، اور انہیں یومیہ دن میں 2 بار نشر کیا جائے گا۔

ای ایس پی این سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن پر یومیہ صبح 5 اور شام 5 بجے اسپورٹس نیوز اور رپورٹس شو نشر کرے گا، جب کہ اتوار کے دن صرف ایک ہی شو صبح کو نشر کیا جائے گا۔

ای ایس پی این کے ان نیوز شوز میں کھیلوں سے متعلق تازہ خبریں، کھلاڑیوں سے متعلق معلومات اور سوشل میڈیا پر کھیلوں سے متعلق ہونے والے بحث و مباحثے کو بھی دکھایا جائے گا۔

ایلی ڈنکن بھی اسنیپ چیٹ پر نشر ہونے والے شو کی میزبانی کریں گی—فائل فوٹو: ای ایس پی این
ایلی ڈنکن بھی اسنیپ چیٹ پر نشر ہونے والے شو کی میزبانی کریں گی—فائل فوٹو: ای ایس پی این

اسپورٹس ادارے نے اسنیپ چیٹ کے لیے شوز تیار کرنے کے لیے اپنا خصوصی ’اسپورٹس سینٹر‘ تشکیل دیا ہے، جس میں سوشل شیئرنگ ایپلی کیشنز اور سوشل میڈیا پر براہ راست ویڈیوز نشر کرنے اور صارفین کے کمنٹس بھی براہ راست پڑھنے اور نشر کرنے کے لیے جدید آلات نصب کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: فیس بک اسنیپ چیٹ کو کچلنے کے لیے تیار

ان اسپورٹس نیوز شوز کی میزبانی ای ایس پی این کے مختلف میزبان کریں گے، جن میں خاتون اینکر ’کیٹی نولن، ایلی ڈنکن، کسیدے ہبرتھ، مرد اینکر جیسن فٹز اور سائے امنڈسن شامل ہیں۔

ای ایس پی این کے اسپورٹس نیوز شوز کی میزبانی کرنے والے اینکرز میں تین خواتین جب کہ 2 مرد شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ای ایس پی این نے یہ فیصلہ ٹی وی چینل کی مقبولیت میں کمی اور ویب سائٹ پر سبسکرپشن کے رجحان میں نمایاں کمی کے باعث کیا۔

اسنیپ چیٹ نوجوانوں میں مقبول ہونے والی ایپلی کیشن ہے، امریکا و یورپ سمیت دنیا بھر کے کروڑوں نوجوان اسنیپ چیٹ اور انسٹاگرام جیسی ایپلی کیشن کے ذریعے ہی اپنی پسند کی معلومات حاصل کرتے اور شیئر کرتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں