صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں شاہ حسن ہائی پاس پر ٹھیڑی کے مقام پر تیز رفتار ٹرک مسافر وین سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں وین میں سوار 21 مسافر جاں بحق اور متعدد افراد بھی زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹرک کے وین پر الٹنے کی وجہ سے کئی افراد ٹرک کے نیچے وین میں دب گئے تھے جنہیں ریسکیو آپریشن کے بعد نکالا گیا۔

مسافر وین خیر پور سے سکھر جارہی تھی جبکہ کوئلے سے بھرا ٹرک پنجاب کی جانب جارہا تھا، جن کے درمیان تصادم ہوا۔

جاں بحق ہونے والے افراد میں رانی پور اور گردونواح کے تاجر بھی شامل ہیں جو خریداری کے لیے سکھر جا رہے تھے۔

وین میں سوار مسافروں کی شناخت کے حوالے سے حکام کا کہنا تھا کہ وین میں 40 سالہ نظیر حسین، 26 سالہ ہدایت اللہ، 52 سالہ عبد الرشید، 30 سالہ تنویر احمد، 40 سالہ محمد رمضان، 24 سالہ نوید، 27 سالہ موہن داس، 25 سالہ خلیل احمد، 36 سالہ صدر دین، 28 بانہو خان، 27 سالہ پتنگ علی، 55 سالہ علی گل، 25 سالہ پرویز، 43 سالہ امان اللہ، 24 سالہ صابل، 23 سالہ امجد علی، 27 سالہ پٹھان، 35 سالہ محمد صفدر اور 28 سالہ ندیم علی اور دیگر افراد سوار تھے۔

خیر پور کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس اضفر مہیسر کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والے افراد کا کہنا تھا کہ مسافر وین کا ڈرائیور غلط طریقے سے ٹرک کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کررہا تھا جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔

پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال بہاول پور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 214 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 25 مارچ 2015 کو سندھ کے شہر خیرپور کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں تصادم سے 13 مسافر ہلاک اور 23زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ 11 نومبر 2014 کو بھی خیر پور کے قریب سوات سے کراچی آنے والے تیز رفتار بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 58افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں