معروف اداکارہ اوپرا ونفرے کی آنے والی ہولی وڈ سائنس فکشن فنٹیسی فلم ’اے رنکل ان ٹائم‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

ڈزنی پکچر کے بینر تلے بننے والی اس فلم کا پہلا ٹریلر ’امریکن میوزک ایوارڈ 2017‘ کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔

سائنس فکشن فنٹیسی فلم کی کہانی 1962 میں شائع ہونے والے ناول ’اے رنکل ان ٹائم‘ سے لی گئی ہے، اس ناول کو مادلین ایل اینگل نے لکھا تھا۔

ناول کی مشہوری کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا دوسرا ایڈیشن 1979 میں شائع کیا گیا۔

ناول نے نہ صرف بیسٹ سیلر کا اعزاز حاصل کیا، بلکہ متعدد ایوارڈ بھی وصول کیے، بعد ازاں 2003 میں معروف فلم ساز پروڈکشن کمپنی ’ڈزنی‘ نے اس کے مالکانہ حقوق حاصل کیے۔

یہ بھی پڑھیں: 16 بہترین سائنس فکشن فنٹیسی فلمیں
اوپرا ونفرے مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ
اوپرا ونفرے مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ

ڈزنی نے ناول پر اسی نام سے فلم بنائی، جس کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

فلم کی کہانی ایک 14 سالہ بچی، اس کے بھائی اور ان کی ایک دوست کے گرد گھومتی ہے۔

یہ بچی اپنے بھائی اور دوست کے ساتھ مل کر اپنے لاپتہ ہونے والے والد کو ڈھونڈنے کی کوشش کرتی ہیں، اور اس دوران انہیں حیران کن تجربات ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اب تک کی سب سے بہترین سائنس فکشن فنٹیسی فلم؟

لاپتہ ہونے والے والد کی تلاش میں کم عمر لڑکی اپنے بھائی اور دوست کے ساتھ کائنات کے ان دیکھے جزیروں اور حیران کن سیاروں پر پہنچتی ہے، جس دوران انہیں کائنات کی مزید کھوج کا شوق پیدا ہوتا ہے۔

جاری کیے گئے 2 منٹ 23 سیکنڈ دورانیے کے ٹریلر میں 14 سالہ لڑکی کو اپنے بھائی اور دوست کے ساتھ کائنات کے دلفریب سیاروں پر پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پروڈیوسر جم وٹاکراورکیتھرائن ہینڈ کی اس فلم کی ہدایات ایوا دیوارنی نے دی ہیں۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں امریکی ٹی وی اداکارہ اوپرا ونفرے، ریز ودر اسپون، مینڈی کالنگ، مائیک پینا، اسٹورم ریڈ اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

’اے رنکل ان ٹائم ‘ کو آئندہ برس 9 مارچ کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں