سیلفی لینے پر ورن دھون کا چالان

23 نومبر 2017
ورن دھون نے 2012 میں بولی وڈ کیریئر کا آغاز کیا —۔
ورن دھون نے 2012 میں بولی وڈ کیریئر کا آغاز کیا —۔

ویسے تو آپ کو اپنا پسندیدہ ستارہ کہیں نظر آجائے تو آپ یقیناً اس کے ساتھ سیلفی ضرور لینا چاہیں گے، لیکن کبھی کبھار ستاروں کے ساتھ لی گئی سیلفی سے آپ یا وہ اسٹارز مشکل میں گرفتار ہوسکتے ہیں۔

اور ایسا ہی کچھ بولی وڈ اداکار ورن دھون کے ساتھ ہوا، جنہوں نے ممبئی میں اپنی مداح کے ساتھ گاڑی چلاتے وقت سیلفی لی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ممبئی پولیس کے آفیشل پیج پر ایک ٹویٹ میں ورن دھون کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں آگاہ کیا گیا کہ سیلفی لینے پر انہیں چالان بھیجا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں: کنگنا کا مذاق اڑانے پر ورن دھون کی معذرت

اس ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ’ورن دھون ایسے ایڈوینچرز سلور اسکرین پر تو ضرور کام کرتے ہیں، لیکن ممبئی کی سڑکوں پر نہیں، آپ نے اپنی، اپنے مداحوں کی اور وہاں موجود چند اور لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا ہے‘۔

ٹویٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’ہمیں آپ جیسے ذمہ دار نوجوان نسل کے آئکن سے اس سے بہتر کی امید ہے، آپ کے گھر ایک ای-چالان بھیجا جارہا ہے، اگلی بار ہمارا سلوک اس سے بُرا ہوگا‘۔

اس ٹویٹ میں ورن دھون کی سڑک پر رکشے میں بیٹھی اپنی مداح کے ساتھ سیلفی لیتے وقت کی تصویر بھی شیئر کی گئی۔

اس کے بعد بولی وڈ اداکار نے فوری طور پر ممبئی پولیس سے معافی مانگنے کے لیے ٹویٹ کی۔

ورن دھون نے لکھا کہ ’میں معافی مانگتا ہوں، ٹریفک سگنل کی وجہ سے ہماری گاڑیاں چل نہیں رہی تھیں، اور میں اپنی مداح کا دل نہیں دکھانا چاہتا تھا، لیکن اگلی بار میں سیفٹی کا خیال رکھوں گا اور ایسے کام کو بڑھاوا نہیں دوں گا‘۔

اس معاملے پر بہت سے لوگوں نے ممبئی پولیس کے اقدام کو سراہا۔

ایک صارف کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’شاباش ممبئی پولیس، مثال قائم کررہے ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے‘۔

جبکہ ان صاحب نے سلمان خان کی بغیر ہیلمٹ بائیک چلاتے وقت کی ایک تصویر شیئر کی اور ممبئی پولیس سے درخواست کی کہ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے ورن دھون کی فلموں کا مذاق اڑاتے ہوئے ممبئی پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ اداکار کو ان کی فلم ’میں تیرا ہیرو‘ سزا دینے کے طور پر دکھائیں۔

بہت سے مداحوں نے اس معاملے میں ورن دھون کا ساتھ بھی دیا۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل ورن دھون ایک اور مشکل میں گرفتار ہوئے تھے جب ایک مداح ورن کے اس حد تک پیچھے پڑ گئی تھی کہ انہوں نے اداکار کو خودکشی کرنے کی دھمکی تک دے ڈالی۔

جس کے بعد اداکار نے فوری طور پر ممبئی کے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔

یہ بھی پڑھیں: مداح کی خودکشی کی دھمکی، ورن دھون تھانے روانہ

اس حوالے سے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ ’ورن دھون نے ہمارے تھانے میں شکایت درج کروائی اور اب ہم اس کیس کی تحقیقات کررہے ہیں اور پتا لگانے کی کوشش کررہے ہیں کہ جنہوں نے ورن کو کال کی ان کا تعلق کہاں سے ہے، اس کال کے بعد سے وہ نمبر بند ہوچکا ہے‘۔.

خیال رہے کہ ورن دھون نے 2012 میں اپنی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا۔

اس وقت ورن دھون اپنی فلم ’اکتوبر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، یہ ہدایت کار شوجت سرکار کے ساتھ ان کی پہلی فلم ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں