معروف ڈائناسور فرنچائزسائنس فکشن فلم ’جراسک ورلڈ‘ کی پانچویں فلم یوں تو آئندہ برس جون میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اب اس کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔

خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم ’جراسک پارک‘ کے نام سے 1993 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اس کی دوسری فلم ’دی لاسٹ ورلڈ: جراسک پارک‘ 1997 میں ریلیز کی گئی۔

پہلی دو فلموں کی شاندار کامیابی کے بعد سیریز کی تیسری فلم ’جراسک پارک تھری‘ کے نام سے سال 2001 میں ریلیز کی گئی، اس سیریز کی چوتھی فلم ’جراسک ورلڈ‘ 2015 میں ریلیز کی گئی۔

اب اس سیریز کی پانچویں فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو جون 2018 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اب اس فلم کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: 'جراسک ورلڈ' کا سیکوئل بنے گا

ڈائناسور فرنچائز کی چاروں فلمیں دنیا میں اتنی معروف ہوئیں کہ فلم کمپنی نے انہیں مختلف بار ریلیز کیا۔

جراسک ورلڈ یا جراسک پارک سیریز کو دنیا کی کامیاب ترین اور سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم فرنچائز میں شمار ہونے کی حیثیت بھی حاصل ہے۔

اس سیریز کی پانچویں فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کی کہانی کو ابھی منظر عام پر نہیں لایا گیا، جب کہ اس فلم میں مزید کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فلم پروڈیوسر کولن ٹریورو نے فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کی 6 سیکنڈ دورانیے کی ویڈیو کلپ ٹوئیٹ کی، جس میں فلم کے مرکزی اداکار کرس پراٹ کو ڈائناسور کے بچے کے ساتھ دیکھا جاسکتاہے۔

مزید پڑھیں: جراسک ورلڈ کی دھوم

یہ پہلا موقع ہے کہ جراسک ورلڈ کی ٹیم نے فلم کے مناظر لوگوں کے ساتھ شیئر کیے ہیں، اس سے قبل رواں برس مارچ میں فلم کے ڈائریکٹر جے اے بایونا نے فلم میں شامل کیے گئے نئے کردار کی ایک تصویرشیئر کی تھی۔

انہوں نے ایک کم عمر بچی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جراسک ورلڈ کے ان مناظر کو شیئر کرتے ہوئے پرجوش ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جراسک ورلڈ پر لوگوں کی توہین کا الزام

فلم میں شامل کیے گئے بچی کے نئے کردارسے قبل 22 جون کو فلم کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے فلم کا پہلا ’پرومو پوسٹر‘ بھی جاری کیا گیا تھا۔

’جراسک ورلڈ‘ کی اس پانچویں فلم کے اداکاروں میں کرس پراٹ، بریس ڈلاس ہوورڈ، بی ڈی وونگ، جیمز کارم ویل، ٹیڈ لوینی، جسٹس اسمتھ اور ٹوبی جونز سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں