لاہور بلوز کی پانچویں فتح، ٹی20 کپ میں سرفہرست

23 نومبر 2017
قومی ٹی20 ٹورنامنٹ میں لاہور بلوز اور راولپنڈی کے درمیان میچ کا ایک منظر— فوٹو: اے پی پی
قومی ٹی20 ٹورنامنٹ میں لاہور بلوز اور راولپنڈی کے درمیان میچ کا ایک منظر— فوٹو: اے پی پی

راولپنڈی: قومی ٹی20 کپ میں آغا سلمان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت لاہور بلوز نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 25 ویں میچ میں میزبان راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.4 اوورز میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

افتخار احمد نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 6 چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے لیکن بقیہ کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

ذیشان ملک 24 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے جبکہ بقیہ نو کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

لاہور بلوز کی جانب سے عاطف جبار اور آغا سلمان نے تین، تین جبکہ علی شفیق اور خالد عثمان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں لاہور بلوز نے 17.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

آغا سلمان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تین چھکوں کی مدد سے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ امام الحق 36 ، احمد شہزاد 27 اور حسین طلعت 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

راولپنڈی کی جانب سے تینوں وکٹیں محمد اصغر نے حاصل کیں۔

آغا سلمان کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہر کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

یہ لاہور بلیوز کی ایونٹ میں پانچویں کامیابی ہے اور اس کے ساتھ ہی اس نے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا، لاہور بلوز سات میچوں میں 11 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں